شارجہ میں مقیم بھارتی لڑکے نے اپنی والدہ کو گاڑی تلے کُچل کر مار ڈالا

یہ افسوس ناک واقعہ شارجہ کے علاقے مُویلہ میں پیش آیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 7 نومبر 2019 11:40

شارجہ میں مقیم بھارتی لڑکے نے اپنی والدہ کو گاڑی تلے کُچل کر مار ڈالا
شارجہ(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔7نومبر 2019ء) شارجہ میں مقیم 17 سالہ بھارتی نوجوان نے اپنی والدہ کو گاڑی کے ٹائروں تلے کُچل دیا۔ تاہم پولیس کے مطابق یہ واقعہ حادثاتی طور پر پیش آیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اُتر پردیش سے تعلق رکھنے والا نوجوان اپنے والدین کے ساتھ شارجہ میں مقیم تھا۔ اُسے گاڑی چلانے میں مہارت نہیں تھی، اس مقصد کے لیے وہ کلاسز لے رہا تھا۔

وقوعہ کے روز اُس نے اپنے والد کی گاڑی نکالی اور ڈرائیونگ کی پریکٹس شروع کر دی۔ جب وہ گھر واپس آ کر گاڑی پارک کر رہا تھا تو اچانک اُس کا پیر بریک کی بجائے ایکسلیریٹر پر آگیا جس کے باعث گاڑی تیزی سے پیچھے کی جانب گئی اور وہاں پر کھڑی اُس کی والدہ گاڑی کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گئی اور ہسپتال لیے جانے سے قبل ہی زندگی کی بازی ہار گئی۔

(جاری ہے)

مرنے والی خاتون کی عمر 38 سال تھی۔متوفی خاتون کو علاقے کے قبرستان میں دفن کر دیا گیا۔ اس واقعے میں ملوث نوجوان لڑکا اپنے باقی تین بہن بھائیوں میں سب سے بڑا ہے۔ سوگوار خاندان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مرنے والی خاتون کے چھوٹے بچے ابھی تک صدمے کی حالت میں ہیں جن کی عمریں5 سال اور 6 سال ہیں۔ اس دل خراش وقوعے کے وقت وہ بھی گیراج کے پاس ہی کھیل کُود میں مصروف تھے۔

انہوں نے اپنی آنکھوں سے اپنی ماں کو موت کے منہ میں جاتے دیکھا ہے۔ واضح رہے کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے جب غیر لائسنس شدہ ڈرائیورز کی جانب سے کوئی جان لیوا حادثہ پیش آیا ہے۔ اسی سال جون کے مہینے میں ایک اماراتی خاتون نے اپنے ہی تین بچوں اور اُن کی آیا پر گاڑی چڑھا کر اُن کی جان لے لی تھی۔جبکہ مارچ کے مہینے میں ایک نو عمر لڑکا اپنے والدین کی گاڑی اجازت کے بغیر چلاتے ہوئے حادثے کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گیا تھا۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں