شارجہ میں غیر مُلکی کارکن پر کرین کا اگلا حصّہ ٹُوٹ کر آ گِرا

حادثے کے نتیجے میں بدقسمت کارکن موقع پر ہی کُچلے جانے کے باعث ہلاک ہو گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 12 نومبر 2019 14:03

شارجہ میں غیر مُلکی کارکن پر کرین کا اگلا حصّہ ٹُوٹ کر آ گِرا
شارجہ(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12نومبر 2019ء) دُبئی میں ایک افسوس ناک حادثے کے نتیجے میں ایشیائی کارکن ہلاک ہو گیا ہے۔ مرنے والے کی عمر 30 سال بتائی گئی ہے۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ حادثہ شارجہ انڈسٹریل ایریا نمبر 12 میں صبح سویرے پیش آیا جب ایک ہیوی کرین کا اگلا حصہ ٹُوٹ کر ایشیائی کارکن پر جا گرا۔ جس کے بوجھ تلے دبنے سے ایشیائی کارکن بُری طرح کُچلا گیا اور اُس کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی ۔

ابتدائی تحقیقات کے دوران متوفی کے ساتھی کارکن نے بتایا ہے کہ وہ اور اس کا ساتھی انڈسٹریل ایریا میں خراب ہو جانے والی ایک گاڑی کو ورکشاپ لے جانے کے لیے اُسے کرین سے باندھ رہے تھے کہ اچانک رسہ ٹوٹ جانے کے باعث کرین کا ایک حصّہ بدنصیب کارکن پر آ گِرا جس کے باعث وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔

(جاری ہے)

مرنے والے کی لاش کو کویت ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اب سے کچھ عرصہ قبل شارجہ کے علاقے ملیحہ میں واقع ایک کنسٹرکشن سائٹ پر کام کرنے والا بھارتی کارکن بے خبری میں موت کے منہ میں جا گِراتھا۔ بھارتی کارکن ڈیوٹی کے دوران وقفے کے وقت وہیں پر کھڑے بلڈوزر کے شیڈ کے نیچے لیٹ گیا، تھوڑی دیر بعد اس کی آنکھ لگ گئی۔اتنی دیر میں بلڈوزر کا ڈرائیور آیا جس نے یہ دیکھے بغیر ہی بلڈورز کے ساتھ ہی اْس کا ساتھی لیٹا ہوا ہے، بلڈورز سٹارٹ کر کے چلا دیا۔

جس کے نتیجے میں 33 سالہ بھارتی کارکن بْری طرح کچلا گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق اس شخص کا جسم اتنی بْری طرح پچک گیا تھا کہ اس کی شاید ایک ہڈی بھی سلامت نہیں رہی۔موقع پر موجود دیگر ملازمین نے جب شور مچایا تو ڈرائیور نے فوری طور پر بلڈوزر روکا، مگر اتنی دیر میں یہ شخص دْنیا سے رخصت ہو چکا تھا۔پولیس نے ڈرائیور کو غفلت برتنے پر گرفتار کر لیا تھا ۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں