شارجہ: بے حِسی کی انتہا، بدکردار باپ نے نیکی کا پرچار کرنے والے سگے بیٹے کو خنجر گھونپ دیا

سنگ دِل شخص اپنی بیوی پر خنجر سے حملہ آور ہوا تو ماں کی جان بچانے کے لیے بیٹا آگے آ گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 13 نومبر 2019 13:51

شارجہ: بے حِسی کی انتہا، بدکردار باپ نے نیکی کا پرچار کرنے والے سگے بیٹے کو خنجر گھونپ دیا
شارجہ(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13نومبر 2019ء) شارجہ میں ایک باپ کی سنگ دِلی نے بیٹے کی جان خطرے میں ڈال دی۔ تفصیلات کے مطابق ایک عرب شخص کی اپنی بیوی سے کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی تو وہ چاقو لے کر اُس پر حملہ کرنے کو چڑھ دوڑا، قریب تھا کہ وہ اپنی بیوی کو چاقو گھونپ کر شدید زخمی کر دیتا کہ وہاں موجود بیٹا ماں کی جان بچانے کو آگے ہو گیا۔ اور یوں باپ کی جانب سے کیا گیا وار اپنے سینے پر سہہ لیا۔

35 سالہ بیٹے کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جہاں ڈاکٹروں نے چاقو کے گھاؤ کے باعث شدید زخمی بیٹے کی جان بچا لی۔ پولیس جانب سے بتایا گیا ہے کہ اُنہیں ایک بھارتی شہری نے فون پر اطلاع دی کہ ساتھ والے اپارٹمنٹ سے لوگوں کے چیخنے پُکارنے اور لڑنے جھگڑنے کی آوازیں آ رہی ہیں۔

(جاری ہے)

جس سے لگتا ہے کہ وہاں صورتِ حال خاصی سنگین ہے۔ پولیس کی ایک ٹیم فوراً موقع پر پہنچی تو دیکھا کہ ایک نوجوان شخص خون میں لت پت درد سے کراہ رہا ہے۔

نوجوان کی حالت سنگین ہونے کے باعث اُسے فوری طور پر القاسمی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اُسے 48 گھنٹے تک علاج معالجہ فراہم کر کے اُس کی جان بچا لی گئی۔ جبکہ پولیس نے اپنے ہی بیٹے پر قاتلانہ حملہ کرنے کے الزام میں 68 سالہ عرب باشندے کو گرفتار کر لیا ہے۔ زخمی نوجوان کی والدہ نے بتایا کہ اُس کا شخص خراب کردار کا مالک تھا، جو اُس کے ساتھ بدسلوکی کرتا تھا، گھر سے کئی کئی روز غائب رہتا اور اُس کے کئی خواتین سے جسمانی تعلقات بھی تھے۔

اس کے علاوہ وہ لوگوں سے دھوکا دہی کے معاملات میں بھی ملوث تھا۔ اس کی وجہ سے تمام گھر والوں کی زندگی اجیرن ہو گئی تھی۔ وقوعے کے روز بھی ماں بیٹے نے ملزم کو سمجھانے کی کوشش کی کہ وہ اپنی شرمناک حرکات سے باز آ جائے اور شرافت کی زندگی گزارے۔ جس پر ملزم شدید مشتعل ہو گیا اور اپنی بیوی پر چاقو لے کر چڑھ دوڑا تو بیٹے نے والدہ کو بچانے کی خاطر سنگ دِل والد کا وار اپنے جسم پر سہہ لیا۔

تاہم ملزم کا کہنا تھا کہ اُس کی بیوی اور بیٹے نے اُسے ایک الگ فلیٹ میں گزشتہ تین سال سے قید کر کے رکھا ہوا تھا اور اکثر اُسے مار پیٹ کا نشانہ بھی بناتے ہیں۔ جس کی تصدیق اُس کے میڈیکل ریکارڈ سے بھی ہو سکتی ہے۔ ملزم کو جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں اُس کے خلاف اقدامِ قتل کے الزام کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں