متحدہ عرب امارات میں گاڑی کی نمبر پلیٹ 36 لاکھ درہم میں فروخت ہوئی

شارجہ میں گاڑیوں کے منفرد نمبر پلیٹوں کی نیلامی میں بولی کے اگلے پچھلے ریکارڈ ٹوٹ گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 19 نومبر 2019 17:15

متحدہ عرب امارات میں گاڑی کی نمبر پلیٹ 36 لاکھ درہم میں فروخت ہوئی
شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 نومبر 2019ء ) متحدہ عرب امارات میں گاڑیوں کے منفرد نمبر پلیٹوں کے شوقین نے 1 نمبر کی پلیٹ کے لیے اتنی بڑی رقم کی بولی لگا دی کہ سارے لوگوں کو حیران پریشان کر کے رکھ دیا۔ تفصیلات کے مطابق شارجہ میں گاڑیوں کی منفرد نمبر پلیٹوں کی نیلامی ہوئی۔ جس میں سینکڑوں مقامی اور تارکین وطن نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ نمبروں کی نیلامی کی اس تقریب کا انعقاد الجواہر کانفرنس سنٹر میں ہوا۔

نیلامی کی اس تقریب میں شارجہ پولیس جنرل کمانڈ کے سینٹرل آپریشن سیکشن کے ڈائریکٹر جنرل بھی موجود تھے۔ نیلامی کی اس تقریب کا انعقاد شارجہ پولیس نے ’الامارات للمزادات‘ نامی ادارے کے تعاون سے کیا۔ اس تقریب کے دوران کاروں کی 50 منفرد نمبر پلیٹس کے حصول کے لیے بولی لگائی جو مجموعی طور پر ایک کروڑ 34 لاکھ 95ہزار درہم میں نیلامی ہوئیں۔

(جاری ہے)

سب سے بڑی بولی نمبر 1 کے لیے لگی۔ جس کے لیے ایک شائق نے 36 لاکھ 10ہزار درہم کی بولی لگا کر سب کو حیران کر دیا۔ یہ رقم پاکستانی کرنسی میں تقریباً 16 کروڑ روپے کے لگ بھگ بنتی ہے۔ شائقین کی جانب سے اپنی پسندیدہ نمبر پلیٹس کے حصول کے لیے بڑھ چڑھ کر بولی لگائی گئی۔سب سے بڑی بولی 9نمبر کی پلیٹ کی لگی۔ دوسری بڑی بولی 16 نمبر کی پلیٹ کے لیے تھی۔ یہ 12لاکھ درہم میں فروخت ہوئی۔ 88 نمبر کی پلیٹ کی بولی 10لاکھ30ہزار درہم لگائی گئی۔25 نمبر کی پلیٹ 10لاکھ 20ہزار درہم میں فروخت ہوئی۔ 343 نمبر کی پلیٹ ایک لاکھ 90ہزار درہم میں نیلام ہوئی جبکہ 108 نمبر کی پلیٹ کی بولی ایک لاکھ70ہزار درہم لگی۔ڈاکٹر احمد سعید الناعور نے منفرد نمبر پلیٹس نیلامی میں اپنے نام کرانے والوں کو مبارکباد پیش کی۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں