شارجہ : 65 سالہ خاتون نے میک اپ کا سامان اور پرفیومز چُرالیے، فرار ہوتے وقت پکڑی گئی

غیر مُلکی بزرگ خاتون کو چوری کرنے پر 3 ماہ قید اور ڈ ی پورٹ کیے جانے کی سزا سُنا دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 28 جنوری 2020 14:48

شارجہ : 65 سالہ خاتون نے میک اپ کا سامان اور پرفیومز چُرالیے، فرار ہوتے وقت پکڑی گئی
شارجہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28جنوری 2020ء) متحدہ عرب امارات میں چوری اور ڈکیتی کے متعدد واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔ جن میں ملوث افراد کو سزائیں بھی دی جاتی ہیں۔ تاہم اب ایک ایسا انوکھا واقعہ پیش آیا ہے جس نے سب کو حیران پریشان کر کے رکھ دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شارجہ کے ایک شاپنگ مال میں موجود دُکان سے ہزاروں درہم مالیت کا قیمتی میک اپ کا سامان اور پرفیومز چوری کرتے ہوئے ایک معمر خاتون گرفتار کر لی گئی، جس کی عمر 65 سال سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

غیر مُلکی بوڑھی خاتون ایک شاپنگ مال میں واقع کاسمیٹکس کی دُکان میں داخل ہوئی جہاں اُس نے شیلفس میں رکھے پرپرفیومز اور میک اپ کٹس وغیرہ دیکھنی شروع کر دیں۔ اسی دوران جب دُکاندار کسی اور گاہک کے ساتھ مصروف ہوا تو معمر خاتون نے موقعے کا فائدہ اُٹھا کر میک اپ کا کچھ سامان اور دو پرفیومز سیکنڈز میں شیلف سے اُٹھا کر اپنے بڑے سائز کے ہینڈ بیگ میں ڈال لیے اور آنکھ بچا کر دُکان سے باہر نکل گئی اور شاپنگ مال کے گیٹ سے گزرتے وقت سیکیورٹی الارمز بج اُٹھے جس پر کاسمیٹک شاپ کا سارا عملہ اُس کی طرف متوجہ ہو گیا۔

(جاری ہے)

سٹور کیپر کی جانب سے خاتون کے بیگ کی تلاشی لی گئی تو یہ دیکھ کر وہ چونک گیا کہ اس میں چُرایا گیا میک اپ کا سامان اور دو پرفیومز موجود تھے۔ جب اُس سے چوری کے بارے میں پُوچھا گیا تو کہنے لگی کہ وہ ان کا بِل ادا کرنا بھُول گئی ہے۔ تاہم اپنی گرفتاری کا یقین ہوتے دیکھ کر خاتون نے سٹور کیپر کو دھکا دے کر وہاں سے بھاگنے کی کوشش کی مگر سیکیورٹی گارڈز نے اُس کا راستہ روک کر یہ کوشش ناکام بنا دی۔

بزرگ خاتون کا مسلسل یہی کہنا تھا کہ اُس نے چوری نہیں کی، بلکہ غلطی سے اپنے بیگ میں یہ چیزیں ڈال لی تھیں اور پھر ان کا بِل ادا کرنا بھُول گئی۔ تاہم جب اُسے اس کی چوری کرنے والی ویڈیو دکھائی گئی جس میں وہ دائیں بائیں دیکھ کر بڑی ہوشیاری سے سامان اپنے بیگ میں ڈال رہی ہے۔ بعد میں بزرگ خاتون نے اپنے جُرم کا اعتراف کر لیا۔ ملزمہ کا کہنا تھا کہ ایک وقت وہ بہت امیر کاروباری خاتون تھی، جس کے اپنے کمرشل آؤٹ لیٹس تھے، تاہم بعد میں سب کچھ ختم ہو گیا۔

جس کے بعد وہ کلیپٹومینیا کے مرض کا شکار ہو گئی۔ اس مرض میں مبتلا افراد چیزیں چُرا کر خوشی محسوس کرتے ہیں۔ خاتون کا اپنی صفائی میں کہنا تھا کہ وہ کئی برسوں سے اس مرض سے چھُٹکارا حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، مگر ابھی تک اُسے کامیابی حاصل نہیں ہو پائی۔ عدالت نے خاتون کی جانب سے پیش کردہ جواز کو مسترد کرتے ہوئے اسے تین ماہ قید اور ڈی پورٹ کیے جانے کی سزا سُنا دی۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں