شارجہ میں چلتی منی بس میں آگ بھڑک اُٹھی، چند لمحوں میں ہی جل کر تباہ و برباد ہو گئی

ڈرائیور نے حاضر دماغی سے کام لے کر فوراً منی بس روک کر سواریاں باہر نکال لیں،چند لمحوں کی دیر ہو جاتی تو خوفناک سانحہ رونما ہو سکتا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 5 مئی 2020 18:11

شارجہ میں چلتی منی بس میں آگ بھڑک اُٹھی، چند لمحوں میں ہی جل کر تباہ و برباد ہو گئی
شارجہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5مئی2020ء ) شارجہ میں چلتی منی بس میں آگ بھڑک اُٹھی۔ قریب تھا کہ منی بس میں سوار اور ڈرائیور تمام کے تمام اس آگ کی لپیٹ آ کر کسی ہولناک سانحے کا شکار بن جاتے، تاہم ڈرائیور نے خطرہ محسوس کرتے ہوئے فوری طور پر تیز رفتار منی بس روک لی اور اس میں سوار 10 کی 10 سواریوں کو فوری طور پر باہر نکال لیا اور خود بھی سواریاں سمیت منی بس سے دُور جا کر کھڑا ہو گیا۔

اگر ڈرائیور اور سواریاں باہر نکلنے میں چند لمحوں کی دیر کرتے توان کی زندگیاں خطرے میں پڑ جاتیں۔ تاہم قسمت مہربان ہونے کے باعث سب کی جانیں بچ گئیں۔ گلف نیوز کے مطابق منی بس میں آتش زدگی کا یہ واقعہ شارجہ کی کنگ فیصل روڈ پر پیش آیا۔ منی بس میں ایک ٹرانسپورٹ کمپنی کے کارکنان سوار تھے۔

(جاری ہے)

ڈرائیونگ کے دوران اچانک ڈرائیور کو گاڑی کے انجن میں سے دھواں نکلتا دکھائی دیا۔

اس نے خطرے کا احساس کرتے ہوئے فوری طور پر منی بس سڑک کنارے روک لی اور چند لمحوں میں ہی سواریوں کو بھی باہر نکال لیا گیا۔ ابھی سواریاں منی بس سے نکل کر چند میٹر دُور ہی گئی تھیں کہ دیکھتے ہی دیکھتے پوری منی بس کو آگ کے شعلوں نے پوری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ یوں ڈرائیور کی حاضر دماغی نے تمام افراد کی جانیں بچا لیں۔ شارجہ سول ڈیفنس کے ترجمان میجر ہانی الظامنی نے بتایا کہ منی بس میں آتش زدگی کا یہ واقعہ دوپہر دو بج کر چالیس منٹ پر پیش آیا، جس کی اطلاع ملتے ہی سول ڈیفنس کے دو اسٹیشنز سے فائر فائٹرز کو ضروری آلات و سامان کے ساتھ جائے حادثہ پر روانہ کر دیا گیا۔

تاہم منی بس آگ کے بڑے بڑے شعلوں میں گھری ہونے کے باعث پوری طرح جل کر تباہ ہو گئی۔ پولیس کی جانب سے منی وین میں بھڑکنے والی آگ کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں