شارجہ: اپنی جان پر کھیل کر بچی کو بچانے والے سعودی نوجوان کو اعلیٰ اعزاز سے نواز دیاگیا

سعودی نوجوان نے ایبکو ٹاور میں آتش زدگی کے دوران ایک اپارٹمنٹ کا دروازہ توڑ کر11 سالہ بچی کی جان بچائی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 14 مئی 2020 14:07

شارجہ: اپنی جان پر کھیل کر بچی کو بچانے والے سعودی نوجوان کو اعلیٰ اعزاز سے نواز دیاگیا
شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14مئی 2020ء) شارجہ میں چند روز قبل مشہور رہائشی بلڈنگ ایبکو ٹاور میں آتش زدگی کا واقعہ پیش آیا تھا۔ اس واقعے کے دوران ایک سعودی نوجوان نے دلیری اور انسانیت پرستی پر مبنی ایسا کارنامہ انجام دیا جس کے امارات بھر میں چرچے ہو گئے ہیں۔ بلکہ اس نوجوان کو ایک اعلیٰ اعزاز سے بھی نواز دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محمد عمر نامی سعودی نوجوان روزگار کی غرض سے شارجہ میں مقیم ہے۔

محمد عمر ایبکو ٹاور کی پہلی منزل پر واقع ایک اپارٹمنٹ میں مقیم تھا جب اسی منزل پر خوفناک آگ بھڑک اُٹھی۔ جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ہی سارے فلور کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ یہ منظر دیکھ کر عمارت میں موجود سینکڑوں افراد اپنے قیمتی سامان کی پرواہ کیے بغیر بھاگ اُٹھے۔

(جاری ہے)

محمد عمر بھی آگ کے شعلوں سے نکل کر گراؤنڈ فلور تک جانے ہی والا تھاکہ جب اس نے آگ کی زد میں آئے ایک اپارٹمنٹ سے کسی کے چیخنے چِلانے اور مدد کے لیے پُکارنے کی آوازیں سُنیں۔

ان آوازوں کو سُننے کے بعد انسانیت کا درد رکھنے والا محمد عمر رُک گیا۔ حالانکہ اس وقت تک آگ کے شعلے بہت تیز ہو چکے تھے اور یوں لگ رہا تھا کہ یہ خوفناک آگ تھوڑی دیر میں ہی پوری بلڈنگ کو اپنی لپیٹ میں لینے والی ہے۔ تاہم محمد عمر نے مدد کے لیے پُکارنے والی بچی کی جان بچانے کا فیصلہ کیا۔اس وقت تک اسے علم نہیں تھا کہ یہ کسی 11سالہ بچی کی آواز ہے۔

عمر نے جب اپارٹمنٹ کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی تو اسے پتا چلا کہ اسے لاک کیا گیا ہے۔بچی کے والدین اسے اپارٹمنٹ کے اندرہی چھوڑ کر دروازہ باہر سے لاک کر گئے تھے۔ تاہم محمد عمر نے اپنی پوری طاقت لگا کر دروازے کا لاک توڑ ڈالا اورآگ کے شعلوں کی پرواہ کیے بغیر اندر داخل ہو گیا ۔وہاں موجود خوف سے روتی چیختی بچی کو تسلّی دے کر چُپ کروانے کے بعد اپنے ساتھ بلڈنگ سے زندہ سلامت باہر لے آیا۔

بچی کے والدین کو جب بعد میں اس واقعے کا پتا چلا تو انہوں نے سعودی نوجوان کا آنسوؤں سے تر آنکھوں کے ساتھ شکریہ ادا کیا۔ سوشل میڈیا پر یہ واقعہ سامنے آنے کے بعد سول ڈیفنس شارجہ کی جانب سے محمد عمر کو اس کی بہادری اور خدا خوفی پر اعزاز سے نوازنے کے لیے مختصر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔شارجہ سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر جنرل کرنل سمیع خامس النقبی نے سعودی نوجوان کو اپنے دفتر میں ایک اعزازی سرٹیفکیٹ سے نوازا اور اس کے اس دلیری بھرے اقدام کی بے حد تعریف کی۔اگر محمد عمر بہادری والا اقدام نہ اُٹھاتا تو آتش زدگی کی صورت حال میں بچی کی زندگی بچ پانا ممکن نہ ہو پاتا۔

متعلقہ عنوان :

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں