شارجہ میں پاکستانی خاتون بچے سمیت کار کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گئی

28 سالہ خاتون النہدہ کے علاقے میں سڑک کراس کر رہی تھی جب ایک تیز رفتار کار نے اُسے روند ڈالا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 4 جولائی 2020 14:33

شارجہ میں پاکستانی خاتون بچے سمیت کار کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گئی
شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 جولائی 2020ء) شارجہ میں ایک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی خاتون اور اس کا تین سالہ بچہ شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ دونوں زخمی ماں بیٹا کوفوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ گلف نیوز کے مطابق شارجہ میں مقیم ایک پاکستانی خاتون رات کے وقت النہدہ کے علاقے میں اپنے بچے سمیت سڑک پار کر رہی تھی جب وہ اچانک ایک تیز رفتار کار کی زد میں آ گئی۔

جس کے نتیجے میں28 سالہ والدہ اور3 سالہ بیٹا دونوں زخمی ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ٹریفک پٹرول کی ٹیم اور طبی امداد کا عملہ ایمبولینس سمیت پہنچ گیا۔ دونوں زخمیوں کو القاسمی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔ شارجہ کے علاقے التاوم میں بھی ایک عرب لڑکی سڑک پار کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گئی۔

(جاری ہے)

کار کی ٹکر سے زخمی ہونے والی 23 سالہ لڑکی کو القاسمی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ہسپتال عملے کے مطابق عرب لڑکی شدید زخمی حالت میں لائی گئی ہے۔ شارجہ پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ دونوں حادثات راہگیروں کی جانب سے غیر مخصوص جگہوں سے سڑک پار کرنے کے باعث پیش آئے۔ راہگیروں کو چاہیے کہ وہ صرف انہی مقامات سے سڑک عبور کریں جو راہگیروں کے لیے مخصوص کی گئی ہیں۔ امارات میں ہر سال درجنوں افراد اسی وجہ سے حادثات کا شکار ہو جاتے ہیں کہ وہ ٹریفک ضوابط کی پرواہ کیے بغیر ایسے مقامات سے سڑک عبور کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جہاں پر اس کی ممانعت ہوتی ہے۔

گاڑیوں کی تیز رفتار کی وجہ سے ڈرائیورز کے لیے ممکن نہیں ہو پاتا کہ وہ اچانک سامنے آ جانے والے راہگیروں کو بچانے کے لیے فوری بریک لگا سکیں۔ راہگیروں کے اس غیر ذمہ دار رویئے کی وجہ سے خود ان کی زندگی خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ امارات میں ہر سال متعدد راہگیر گاڑیوں تلے روندے جانے کے باعث زندگی سے محروم ہو جاتے ہیں یا شدید زخمی ہو کر عمر بھر کے لیے اپاہج ہو جاتے ہیں۔ لوگوں کو اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والی اس حرکت سے اجتناب کرنا چاہیے۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں