امارات میں ایمان والوں کے لیے ایک اور شاندار مسجد تعمیر کر دی گئی

شارجہ میں تعمیر کردہ ’مسجد شفاء‘ میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی نماز ادا کر سکیں گی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 1 مارچ 2021 14:43

امارات میں ایمان والوں کے لیے ایک اور شاندار مسجد تعمیر کر دی گئی
شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم مارچ2021ء) متحدہ عرب امارات میں مذہب اسلا م تیزی سے پھیل رہا ہے۔ یہاں مقیم غیر ملکی تارکین اورسیاح اماراتی حکام کی رواداری ، غیر متعصبانہ اور یکساں سلوک کی وجہ سے اسلام سے متاثر ہو رہے ہیں۔ گزشتہ سال صرف دُبئی میں 3 ہزارسے زائد غیر مسلموں نے اسلام قبول کیا۔ اماراتی حکام کی جانب سے مملکت میں مسلمانوں کی تعداد بڑھنے کے بعد مساجد کی گنتی میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔

امارات میں پہلے بھی بہترین طرز تعمیر والی مساجد موجود ہیں جو دیکھنے والوں کو اپنی گرفت میں لے لیتی ہیں۔ اب اس طرح کی دیدہ زیب مساجد میں ایک اور شاندار اور دلکش مسجد کا اضافہ ہو گیا ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق اماراتی ریاست شارجہ میں ایک انتہائی خوبصورت مسجد تعمیر مکمل ہونے کے بعد عبادت گزاروں کے لیے کھول دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

العطین کے علاقے میں واقع اس مسجد کا نام ”شفاء مسجد “ ہے جو الزاید روڈ پر واقع ہے۔

یہاں پر بیک وقت 515 افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔ 450 مردوں کے لیے نماز کی سہولت کے علاوہ 65 خواتین کے لیے نماز کی ادائیگی کی خاطر الگ احاطہ بنایا گیا ہے۔شفاء مسجد جدید اور قدیم اسلامی طرز تعمیر کا ایک شاہکار ہے۔ اس نوتعمیر مسجد کے پانچ گنبد ہیں اور ایک 21 میٹر بلند مینار بھی ہے جو کئی کلومیٹر دُور سے دکھائی دے جاتا ہے۔ شارجہ کے اسلامی امور ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ یہ خوبصورت مسجد شارجہ کے حکمران اور اماراتی سپریم کونسل کے سربراہ شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی کے ایمان پروری کے ماحول کو بڑھانے کی خاطر تعمیر کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ دُبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے بھی گزشتہ دنوں ایک مسجد کی تعمیر نو اپنے ذاتی خرچ سے کروا کے ایمان والوں کے بھی دل جیت لیے ہیں۔ شیخ حمدان نے ایک پہاڑی علاقے میں شکستہ اور چھوٹے سے رقبے پر موجود پُرانی مسجد کی تعمیر نو کروا کے اسے ایک جدید شاہکار میں بدل دیا ہے۔ دُبئی کے علاقے حطہ میں شیخ حمدان کی جانب سے پہاڑی علاقے کی اس مسجد کوعبادت گزاروں کے لیے کشادہ کر دیا گیا ہے۔

قدیم مسجد کی تعمیر محمد عبید القاطمی نے اپنی جیب سے رقم خرچ کر کے مکمل کروائی تھی، تاہم اس مسجد کی تعمیر نو کے اخراجات دُبئی کے ولی عہد اور وزیر خزانہ شیخ حمدان بن راشد المکتوم نے ادا کیے ہیں۔ اب اس مسجد میں تین سو افراد نما زادا کر سکتے ہیں۔ خواتین اور مردوں کے لیے الگ الگ نماز پڑھنے کی سہولت موجود ہے۔ پرانی مسجد خستہ حالت میں تھی، جہاں بہت کم لوگ نماز ادا کر سکتے تھے تاہم اب اس کا رقبہ 1133 مربع میٹر تک پھیلا دیا گیا ہے ۔

مسجد کی تعمیر نو میں اصل اسلامی طرز تعمیر کو بھی سامنے رکھا گیا ہے۔ یہاں کی خاص بات یہ ہے کہ معذور افراد کے لیے بھی آسانی سے نماز ادا کرنے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ عبید القاطمی مسجد کی چھت پر ایک بڑا گنبد بنایا گیا ہے جس کے ساتھ 25 میٹر بلند ایک مینار بھی ہے۔ یہاں پر امام کی رہائش گاہ، وضوخانہ اور عبادت گزاروں کی سہولت کے لیے پارکنگ بھی بنائی گئی ہے۔ 

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں