شارجہ میں اہلِ ایمان کی سہولت کی خاطر 2 نئی مساجد تعمیر مکمل ہونے کے بعد کھول دی گئیں

الرحمانیہ 4 میں واقع مسجد السکینہ میں 9 سونمازیوں کی گنجائش ہے جبکہ فلاح میں واقع مسجد طلیحہ بن خویلد میں65 افراد نماز ادا کر سکتے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 8 مارچ 2021 12:00

شارجہ میں اہلِ ایمان کی سہولت کی خاطر 2 نئی مساجد تعمیر مکمل ہونے کے بعد کھول دی گئیں
شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 مارچ2021ء) متحدہ عرب امارات میں مذہب اسلا م تیزی سے پھیل رہا ہے۔ یہاں مقیم غیر ملکی تارکین اورسیاح اماراتی حکام کی رواداری ، غیر متعصبانہ اور یکساں سلوک کی وجہ سے اسلام سے متاثر ہو رہے ہیں۔ گزشتہ سال صرف دُبئی میں 3 ہزارسے زائد غیر مسلموں نے اسلام قبول کیا۔ اماراتی حکام کی جانب سے مملکت میں مسلمانوں کی تعداد بڑھنے کے بعد مساجد کی گنتی میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔

امارات میں پہلے بھی بہترین طرز تعمیر والی مساجد موجود ہیں جو دیکھنے والوں کو اپنی گرفت میں لے لیتی ہیں۔ اب اس طرح کی دیدہ زیب مساجد میں مزید دو شاندار اور دلکش مسجد کا اضافہ ہو گیا ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق اماراتی ریاست شارجہ میں یہ دونوں مساجد جدید اسلامی طرز تعمیر کا شاہکار ہیں جو دیکھنے والوں کو اپنا گرویدہ بنا لیتی ہیں۔

(جاری ہے)

شارجہ کے ڈیپارٹمنٹ برائے اسلامی امور کی جانب سے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے بتایا گیا ہے کہ شارجہ میں دو نئی مساجد بنائی گئی ہیں۔

ان میں سے ایک ”مسجد السکینہ“ شارجہ کے علاقے الرحمانیہ 4 میں واقع ہے۔ اس مسجد میں مجموعی طور پر 9 سو افراد کے نماز پڑھنے کی سہولت موجود ہے۔825 مردوں کے لیے ایک بڑا احاطہ مختص ہے جبکہ 75 خواتین کے لیے بھی نماز ادا کرنے کے لیے الگ احاطہ تعمیر کیا گیا ہے۔ 2,267 مربع میٹر پر تعمیر شدہ اس مسجد کا گول گنبد اور 35 میٹر اونچا مینار اسلامی طرز تعمیر کا ایک بہترین نمونہ ہے۔

مسجد میں امام صاحب کی رہائش گاہ کے علاوہ وضو خانے اور طہارت خانے بھی موجود ہیں۔ جبکہ دوسری نو تعمیر مسجد کا نام ”مسجد طلیحہ بن خویلد“ ہے۔ شارجہ کے علاج فلاح میں واقع اس مسجد کا رقبہ 240 مربع میٹر ہے۔ یہاں 60 افراد کے نماز پڑھنے کی گنجائش ہے۔ یہ مسجد بھی انتہائی دیدہ زیب ہے۔ اسلامی طرز تعمیر کی نمائندہ مسجد طلیحہ بن خویلد کا ایک گول گنبداور 11 میٹر بلند ایک مینار ہے۔

اس مسجد میں بھی امام مسجد کی قیام گاہ کے علاوہ وضو خانوں اور ٹوائلٹس کی سہولت موجود ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل بھی شارجہ کے علاقے العطین میں ’مسجد شفاء‘ تعمیر کے بعد کھول دی گئی ہے۔یہ خوبصورت مسجد الزاید روڈ پر واقع ہے۔ اس مسجد میں مجموطی طور پر 515 افراد کے نماز ادا کرنے کی گنجائش ہے۔ جس میں 65 خواتین کے لیے بھی ایک الگ احاطہ بنایا گیا ہے۔ شفاء مسجد کے پانچ گنبد ہیں اور ایک 21 میٹر بلند مینار بھی ہے جو کئی کلومیٹر دُور سے دکھائی دے جاتا ہے۔ شارجہ کے اسلامی امور ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ یہ خوبصورت مسجد شارجہ کے حکمران اور اماراتی سپریم کونسل کے سربراہ شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی کے ایمان پروری کے ماحول کو بڑھانے کی خاطر تعمیر کی گئی ہے۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں