”امارات میں گداگروں کے قریب مت جائیں اور نہ انہیں کوئی رقم دیں“

اماراتی پولیس کا کہنا ہے کہ ماسک نہ پہننے کی وجہ سے بھکاری کوروناکے پھیلاؤکا باعث بن رہے ہیں، ان سے دُور رہنا بہتر ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 18 مارچ 2021 16:15

”امارات میں گداگروں کے قریب مت جائیں اور نہ انہیں کوئی رقم دیں“
شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 مارچ2021ء) متحدہ عرب امارات کا شمار خوش حال اور ترقی یافتہ ممالک میں ہوتا ہے۔ یہاں دولت کی خاصی ریل پیل ہے ، اسی وجہ سے یہاں کے مقامی اور غیر ملکی تارکین فلاحی کاموں میں پیش پیش رہتے ہیں اور بھکاریوں پر بھی دل کھول کر خیرات لُٹاتے ہیں۔اسی وجہ سے امارات میں گزشتہ چند سالوں سے غیر ممالک سے پیشہ ور بھکاریوں کی آمد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

خصوصاً رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور دیگر ایشیائی ممالک سے کئی پیشہ ور بھکاری وزٹ ویزے پر پہنچ جاتے ہیں اور ایک ماہ کے دوران ہی بھیک مانگ مانگ کر لاکھوں روپیہ جمع کر لیتے ہیں اور پھر خوشی خوشی اپنے وطن رخصت ہو جاتے ہیں۔ تاہم اس طرح کی کمائی سے اصل غریب اور مستحق لوگوں کا حق مارا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اسی وجہ سے پچھلے تین سال سے ان موسمی گداگروں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔

کچھ ایسے گداگر بھی پکڑے گئے جنہوں نے بھیک کی بدولت چند ماہ کے اندرپچاس ، ساٹھ ہزار درہم تک بھی اکٹھے کر رکھے تھے۔ شارجہ پولیس کی جانب سے رمضان المبارک سے قبل لوگوں کو ٹویٹر پیغام جاری کیا گیا ہے کہ وہ کورونا وبا کے دوران بھکاریوں کی مدد سے گریز کریں۔ کیونکہ ایسا کرنے سے گداگری کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور ان کی تعداد میں اضافہ ہوتا چلا جاتا ہے۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ کئی گداگر کورونا ایس او پیز پر عمل نہیں کر رہے۔ یہ بغیر ماسک اور گلوز پہنے گداگرلوگوں کو روک کر ان سے رقم مانگتے ہیں۔ ان کی وجہ سے کورونا کے پھیلاؤ کا خطرہ بہت بڑھ گیا ہے۔ ان لوگوں نے زیادہ تر سپرمارکیٹس، مساجد، بس سٹینڈز اور دیگر عوامی مقامات کے باہر ڈیرے ڈال رکھے ہوتے ہیں۔ اکثر خدا ترس لوگ انہیں مجبور سمجھ کر رقم دیتے ہیں ، مگر یہ صرف لوگوں کی نیکی اور ہمدردی کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

مالی امداد پر صرف مستحق افراد کا حق ہے۔ اگر کسی اماراتی یا غیر ملکی باشندے کو رہائشی علاقے، مارکیٹس، مساجد یا کسی اور مقام پر کوئی گداگر نظر آئے تو فوری طور پر شارجہ پولیس آپریشنز روم کے رابطہ نمبر 901 یا 80040 پر اطلاع دی جائے۔ ان کے قریب آنا زندگی اور صحت کے لیے بڑا خطرہ ثابت ہو سکتا ہے۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں