اماراتی ریاست شارجہ نے مفت پارکنگ کی سہولت ختم کر دی

شارجہ بھر میں جمعہ اور دیگر عوامی تعطیلات کے دوران بھی پارکنگ فیس ادا کرنا ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 22 مارچ 2021 16:13

اماراتی ریاست شارجہ نے مفت پارکنگ کی سہولت ختم کر دی
شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22مارچ2021ء) اماراتی ریاست شارجہ نے ڈرائیورز کو ایک بُری خبر سُنا دی ہے۔ آئندہ سے جمعہ کی چھُٹی کے روز فری پارکنگ کی سہولت ختم کر دی گئی ہے، اسی طرح تمام عوامی تعطیلات پر بھی پارکنگ فیس ادا کرنا ہوگی۔ اس سے پہلے جمعہ اور باقی تعطیلات پر پیڈ زونز میں گاڑی پارک کرنے پر کوئی فیس ادا نہیں کرنی پڑتی تھی۔ تاہم نئے حکم نامے کے بعد اب ان ایام میں بھی پارکنگ فیس لازمی کر دی گئی ہے۔

شارجہ میونسپلٹی کی جانب سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی اطلاع دے دی گئی ہے کہ آئندہ سے سال کے تمام دنوں میں پارکنگ فیس ادا کرنا ہو گی۔ یہ پابندی ریاست کی تمام 5,587 پارکنگ سائٹس پر لاگو ہو گی۔ ان پیڈ پارکنگ زونز کی نشاندہی ان 579 بلیو پارکنگ انفارمیشن بورڈز سے ہوتی ہے جو شہر بھر میں واقع پارکنگز کے مقامات پر نصب ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ اور دیگر چھٹیوں پر مفت پارکنگ کی سہولت ختم کرنے کا مقصدگاڑیوں کے لیے تمام وقت پارکنگ کی سہولت کو ممکن ہے۔

رہائشیوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ تعطیلات کے دوران کسی بھی مقام پر گاڑی پارک کرنے سے پہلے معلوم کر لیں کہ کیا اس جگہ پر پارکنگ فیس ادا کرنا ہو گی یا وہاں پر پارکنگ فیس لاگو نہیں ہوتی۔ میونسپلٹی کے ایک اعلیٰ عہدے دار کا کہنا ہے کہ بیشتر مقامات پر مفت پارکنگ ختم کرنے کا فیصلہ رہائشیوں کی شکایات کے بعد لیا گیا ہے کیونکہ لوگوں کی اکثریت کا کہنا تھا کہ ان کی رہائش گاہوں کے قریب دیگر علاقوں سے آنے والے اپنی گاڑیاں پارک کر دیتے ہیں، جو کئی کئی روز وہاں کھڑی رہتی ہیں۔

جس کے باعث علاقہ مکینوں کو اپنی گاڑیاں رہائش گاہ سے دُور کھڑی کرنی پڑتی تھیں۔ اس مشکل کو حل کرنے کی خاطر فری پارکنگ کی سہولت ختم کر دی گئی ہے کیونکہ لوگوں کی یہ رائے تھی کہ اگر پیڈ پارکنگ سسٹم ہفتے کے تمام روز لاگو کر دیا جائے تو پارکنگ کی کمی کے مسئلے کو حل کیا جا سکتا ہے۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں