شارجہ میں پاکستانیوں کا آپسی جھگڑا خونی رنگ اختیار کر گیا

کارکنان کے ایک گروہ نے اپنے ہم وطن کو خنجر مار کر ہلاک کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 3 اپریل 2021 14:57

شارجہ میں پاکستانیوں کا آپسی جھگڑا خونی رنگ اختیار کر گیا
شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 اپریل2021ء)شارجہ میں پاکستانیوں کے آپسی جھگڑے اکثر اخبارات کی خبروں کی زینت بنتے ہیں جس سے پوری کمیونٹی کی بدنامی ہوتی ہے۔ کئی بار ان جھگڑوں کے نتیجے میں نوبت قتل تک بھی آجاتی ہے۔

امارات میں ایک بار پھر ایسی ہی واردات پیش آئی ہے جس میں اپنے گھر والوں کی خاطر روز کمانے گیا ایک پاکستانی کارکن اپنے ہم وطنوں کے ہاتھوں ہی جان گنوا بیٹھا ہے۔ گلف نیوز کے مطابق شارجہ میں مقیم پاکستانیوں کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا ، جو خونی رنگ اختیار کر گیا ہے۔ اس لڑائی کے نتیجے میں ایک کارکن کی ہلاکت ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

یہ واقعہ شارجہ کے علاقے البُطینہ میں رونما ہوا ہے جہاں پاکستانی کارکنان آپس میں لڑ پڑے۔

تھوڑی دیر بعد ایک گروہ نے مخالف گروہ کے ایک کارکن کو خنجر کے متعدد وار کر کے شدید زخمی کر دیا۔ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے یہ بدنصیب کارکن تھوڑی دیر بعد ہی چل بسا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی اطلاع رات ایک بجے موصول ہوئی تھی، جس کے بعد فوری طور پر پولیس اہلکاروں کی ٹیم اور طبی امداد کا عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کر دیئے گئے۔

تاہم شدید زخمی شخص پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی جان کی بازی ہار گیا تھا۔ اس شخص کی خون میں لت پت لاش دیکھ کر پتا چلا کہ اس کے نازک حصوں کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس کی وجہ سے اس کی حالت زیادہ بگڑ گئی تھی اور ہسپتال لے جانے سے پہلے ہی وہ ہلاک ہو چکا تھا۔القاسمی ہسپتال منتقل کیے جانے کے بعد ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کر دی تھی۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ پاکستانیوں کی آپسی لڑائی کے دوران ہی چند افراد نے اس نوجوان پر خنجر کے کئی وار کیے جس کے بعد وہ بڑی دیر تک درد سے تڑپتا رہا اور پھر وفات پا گیا۔

اس بدنصیب پاکستانی کی میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے فارنزک لیبارٹری بھجوایا گیا ہے۔ اگلے چند روز ضروری کارروائی کے بعد اس کی لاش وطن واپس روانہ کر دی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کو قتل کرنے والے پاکستانی ملزم فوری طور پر جائے وقوعہ سے بھاگ گئے تھے۔ ان کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اُمید ہے کہ تمام ملزمان کی جلد گرفتاری ہو جائے گی۔ 

متعلقہ عنوان :

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں