شارجہ میں ایئر کنڈیشنر کا کمپریسر دھماکے سے پھٹ گیا

رہائشی بلڈنگ میں پیش آنے والے واقعے سے پاکستانی کارکن جاں بحق 2 شدید زخمی ہو گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 28 مئی 2021 12:54

شارجہ میں ایئر کنڈیشنر کا کمپریسر دھماکے سے پھٹ گیا
شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28مئی2021ء) شارجہ کی ایک رہائشی بلڈنگ میں ایئرکنڈیشننگ یونٹ پھٹ جانے سے ایک پاکستانی کارکن کی موت ہو گئی جبکہ دو کارکن شدید زخمی ہوئے ہیں جن کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔خلیج ٹائمز کے مطابق یہ حادثہ 22 منزلہ رہائشی عمارت میں اس وقت پیش آیا جب ایک مینٹیننس کمپنی کے ملازمین ایئر کنڈیشنر کی چیکنگ کر رہے تھے، اس دوران ایئر کنڈیشنر کا کمپریسر دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں پاکستانی کارکن کی موقع پر موت ہو گئی جبکہ دو کارکن شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر القاسمی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔

تاہم ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ اس حادثے کی اطلاق ملتے ہی پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھی۔ اس رہائشی بلڈنگ میں 50اپارٹمنٹس ہیں جن کو اس دھماکے کے بعد قریبی ہوٹل میں عارضی طورپر منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق اس جان لیوا واقعے کی اطلاع صبح گیارہ بجے موصول ہوئی تھی۔ جس کے بعد پولیس اہلکاروں کے علاوہ فارنزک ایکسپرٹس اور سول ڈیفنس کے اہلکار بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تھے۔

شارجہ پولیس کے اعلیٰ عہدے دار کرنل یوسف بن ہرمول نے بتایا کہ یہ واقعہ الوحدہ روڈ پر واقع ایک رہائشی ٹاور میں پیش ہآیا جہاں ایک ایئر کنڈیشنر یونٹ ایک الیکٹریکل مینٹیننس کمپنی کے کارکنان کی جانب سے چیکنگ کے دوران دھماکے سے پھٹ گیا۔ یہ دھماکا اتنا زوردار تھا کہ اس کی آواز دُور دُور تک سُنی گئی۔ تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ یہ کارکنان کمپریسر کی ریپئرنگ کر رہے تھے جب دھماکہ ہونے سے ایک ٹیکنیشن جاں بحق ہو گیا اور دو ٹیکنیشن بُری طرح زخمی ہوئے ہیں۔

جبکہ مرنے والے بدنصیب پاکستانی کارکن کی میت القاسمی ہسپتال کے مردہ خانے میں منتقل کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب الیکٹریکل کمپنی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ یہ حادثہ بلڈنگ کی چھت پر پیش آیا جہاں چار کارکنان کمپریسر کی مرمت کا کام کر رہے تھے۔ اتفاق سے چوتھے کارکن کو انہوں نے کچھ سامان لینے کے بھجوایا تھا، اس وجہ سے وہ اس واقعے میں بال بال بچ گیا ہے۔ زخمی کارکنان کے علاج کے تمام تر اخراجات کمپنی برداشت کرے گی۔ بُحیرہ پولیس اسٹیشن کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں