شارجہ نے مساجد میں نمازیوں کی تعداد محدود رکھنے کا اعلان کر دیا

شارجہ حکومت کے مطابق چھوٹی مساجد میں کم افراد کو نماز پڑھنے کی اجازت دی جائے گی، کارکنان کو بڑی مساجد میں نماز اداکرنا ہوگی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 28 جون 2021 16:01

شارجہ نے مساجد میں نمازیوں کی تعداد محدود رکھنے کا اعلان کر دیا
شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28 جون 2021ء) یو اے ای میں گزشتہ سال لاک ڈاؤن کی وجہ سے مساجد بند کر دی گئی تھیں، پر آہستہ آہستہ مساجد میں نمازوں کا سلسلہ بحال ہو گیا۔ اس دوران مساجد میں نمازیوں کی گنجائش کی حد بھی مقرر کی گئی تھی۔ پھر مساجد میں نمازیوں کوسماجی فاصلے کے ساتھ نماز ادا کرنے کی اجازت دے دی گئی۔ تاہم اب اماراتی ریاست شارجہ نے کچھ مساجد میں نمازیوں کی تعداد محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس فیصلے پر آج کے روز سے عمل درآمد شروع ہو گیا ہے۔ شارجہ حکومت کے مطابق کم گنجائش والے نمازیوں والی مساجد میں یہ پابندی عائد ہو گی۔ یہ فیصلہ مساجد میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر کیا گیا ہے۔ شارجہ پولیس کے مطابق کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے ’سلامہ‘ کے نام سے مہم شروع کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

شارجہ میں کچھ مساجد ایسی ہیں جہاں نمازیوں کی زیادہ تعداد نہیں آ سکتی، ان مساجد میں سماجی فاصلے کی پابندی کرانا مشکل ہے، اسی وجہ سے چند مساجد میں نمازیوں کی گنتی عارضی طور پر گھٹانے کا فیصلہ ہو گیا ہے۔

پولیس کا مزید کہنا تھا کہ کم نمازیوں کی گنجائش والی مساجد کے اندرونی احاطوں میں جگہ کی تنگی کے باعث بہت سے نماز باہر نماز ادا کرتے ہیں جس سے ان کی صحت کو خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔ اس صورت حال کے پیش نظر اب کارکنان کی بسوں کوعبادت کی خاطر چھوٹی مساجد کی بجائے بڑی مساجد میں بھیجا جائے گا تاکہ شدید گرمی کے دوران کھُلے آسمان تلے نماز ادا نہ کرنی پڑے۔

چھوٹی مساجد میں زیادہ نمازیوں کے آنے سے سماجی فاصلے کی پابندی نہیں ہو پاتی۔ اکثر نمازی مسجد سے باہرشدید گرمی میں نماز ادا کرتے ہیں۔ اس بڑی پریشانی سے نمازیوں کو بچانے کی خاطر یہ فیصلہ لیا گیا ہے کہ کم گنجائش والی مساجد کی بجائے بڑی مساجد میں نماز ادا کرنا ہوگی۔ اس حوالے سے انڈسٹریل ایریا ز کے فیکٹری اور کاروباری مراکز کے مالکان کو ٹیکسٹ بھیج کر انہیں تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے کارکنان کو جمعہ کی نمازکے لیے زیادہ گنجائش والی مساجد میں بھیجیں۔ تاکہ نماز ادا کرنے میں کسی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں