انگلینڈ نے بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالی فائی کر لیا

انگلش ٹیم پاکستان کے بعد ٹورنامنٹ کے فائنل 4 میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن گئی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 6 نومبر 2021 22:13

انگلینڈ نے بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالی فائی کر لیا
شارجہ (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 نومبر2021ء) انگلینڈ نے بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالی فائی کر لیا، انگلش ٹیم پاکستان کے بعد ٹورنامنٹ کے فائنل 4 میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن گئی۔ تفصیلات کے مطابق شارجہ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سلسلے میں گروپ اے کا آخری لیگ میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے کوشاں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو کامیابی کیلئے 190 رنز کا ہدف دیا ہے۔

جبکہ انگلینڈ کو سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے کم از کم 87 رنز بنانا تھے، جو انگلش بلے باز باآسانی بنانے میں کامیاب رہے اور یوں پاکستان کے بعد انگلینڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالی فائی کرنے والی ٹورنامنٹ کی دوسری ٹیم بن گئی۔

(جاری ہے)

87 رنز کا ہدف عبور کرنے کے بعد اگر انگلینڈ کو میچ میں شکست بھی ہو تو وہ فائنل 4 مرحلے سے باہر نہیں ہو گی۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ کو سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے انگلینڈ کو بڑے مارجن سے شکست دینے کی ضرورت ہے۔ پروٹیز کو سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے انگلش ٹیم کو 131 رنز تک محدود کرنا ہو گا۔ اگر جنوبی افریقی باولرز انگلش بلے بازوں کو 131 رنز تک محدود رکھنے میں ناکام رہے، تو پھر میچ میں فتح حاصل کرنے کے باوجود جنوبی افریقہ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو جائے گی، جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم بہتر رن ریٹ ہونے کے باعث ممکنہ طور پر سیمی فائنل میں پاکستان سے ٹکرائے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان سیمی فائنل مرحلے میں پہنچنے والی ٹورنامنٹ کی پہلی ٹیم ہے، جو کل بروز اتوار سکاٹ لینڈ کیخلاف اپنا آخری لیگ میچ کھیلے گی۔ پاکستان تاحال ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ہے اور اسکاٹ لینڈ کیخلاف میچ میں فتح کی صورت میں پاکستان دبئی میں شیڈول سیمی فائنل کھیلے گی۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں