شارجہ ؛ عربی کے گھر سے مالٹے توڑنے والے ایشیائی باشندے کیلئے مشکل کھڑی ہوگئی

کارکن 15 منٹ تک گھر کے باہر گھومتا رہا‘ ولا میں گھسنے کے بعد مالٹے اٹھائے، جیب میں رکھے تھیلے میں ڈالے اور جلدی سے گھر سے نکل گیا‘ مالک کو پتا چلا تو معاملہ پولیس سے ہوتا ہوا عدالت پہنچ گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 25 نومبر 2021 12:46

شارجہ ؛ عربی کے گھر سے مالٹے توڑنے والے ایشیائی باشندے  کیلئے مشکل کھڑی ہوگئی
شارجہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 نومبر 2021ء ) متحدہ عرب امارات میں ایک ولا سے مالٹا توڑنے پر ایشیائی باشندے کو مقدمے کا سامنا کرنا پڑ گیا ۔ خلیج ٹائمز کے مطابق ایک ایشیائی تعمیراتی کارکن کو شارجہ میں ولا میں گھسنے اور صحن کے درختوں سے مالٹے چوری کرنے کے مقدمے میں عدالت کارروائی کا سامنا ہے ، شارجہ کی بدعنوانی کی عدالت نے 20 نومبر کو اس کیس کی سماعت کی ، پولیس کی تفتیش کے مطابق جب یہ واقعہ پیش آیا تو مدعی ہفتے کے آخر میں دورے پر کسی اور امارات گیا ہوا تھا ، گھر واپسی پر اس نے فوٹیج کا جائزہ لیا اور مشکوک سرگرمی دیکھی ، پہلے تو کارکن 15 منٹ سے زیادہ گھر کے باہر گھومتا رہا ، اس کے بعد اس نے مالٹے اٹھائے اور اپنی جیب میں رکھے ہوئے تھیلے میں ڈال دیے ، اس کے بعد وہ جلدی سے گھر سے نکل گیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ واقعہ کا پتا چلنے کے بعد گھر کے مالک نے پولیس سے شکایت کی ، تحقیقات سے اس شخص کی شناخت سامنے آئی ، عدالتی پینل کے سامنے کارکن نے شکایت کنندہ کو جاننے سے انکار کیا اور کہا کہ اس کے ساتھ اس کا کوئی سابقہ ​​تعلق نہیں تھا ، جس کے بعد کیس کی سماعت آئندہ ماہ تک کے لیے ملتوی کر دی گئی ۔ اس حوالے سے گھر کے مالک نے کہا ہے کہ جس چیز نے پریشان کیا وہ چوری شدہ مالٹوں کی قیمت نہیں تھی بلکہ حقیقت یہ تھی کہ ملزم اس کی غیر موجودگی میں اس کے گھر میں داخل ہوا جو اس کی رازداری کی خلاف ورزی ہے۔

حال ہی میں متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں شہد بیچنے والے غیر ملکی کو بھی مقدمے کا سامنا کرنا پڑگیا تھا ، 35 سالہ عرب شخص متعلقہ حکام سے لائسنس حاصل کیے بغیر ٹریفک سگنلز اور عوامی علاقوں میں شہد فروخت کرنے کی وجہ سے مقدمے کا سامنا کرے گا ، پولیس آپریشن روم کو ایک عرب شہری کے بارے میں کئی کالز موصول ہوئیں جو گلیوں اور عوامی علاقوں میں شہد بیچ رہا تھا ، جس کے شہد کی قیمت بھی دکانوں سے سستی تھی ، جس کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا تو اس نے پبلک پراسیکیوشن کے سامنے اعتراف کیا اور وضاحت کی کہ اس نے لائسنس حاصل نہیں کیا کیوں کہ وہ اپنے ویزا کی تجدید کے عمل میں تھا۔

دوران تفتیش عرب شہری نے یہ بھی کہا کہ وہ بازاروں میں لوگوں سے بھیک نہیں مانگتا تھا بلکہ صرف شہد فروخت کر رہا تھا ، اس دوران شخص نے تصدیق کی کہ وہ 20 درہم فی کلو سے زیادہ کی قیمت میں شہد خریدتا ہے اور اسے 50 درہم فی کلو میں دوبارہ فروخت کرتا ہے ، گرفتار کیے گئے شخص کو سننے کے بعد فجیرہ کی عدالت نے اس کیس کے حوالے سے فیصلہ غیر ملکی عرب شہری کو گرفتار کرنے والے افسران کا موقف جاننے تک ملتوی کردیا۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں