شارجہ میں ایشیائی باشندہ قتل ‘ لاش کے ٹکڑے کرکے کوڑے کے ڈھیر پر پھینک دی گئی

پولیس نے 1500 ٹن کچرے کو چھانٹ کر جسم کے اعضاء تلاش کیے‘ مقتول کی شناخت پرائیویٹ فرم میں ڈرائیور کے طور پر ہوئی‘ جس کے اعضاء ملنے کے 12 گھنٹوں کے اندر پولیس قاتل تک پہنچ گئی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 2 مارچ 2022 15:54

شارجہ میں ایشیائی باشندہ قتل ‘ لاش کے ٹکڑے کرکے کوڑے کے ڈھیر پر پھینک دی گئی
شارجہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 مارچ 2022ء ) شارجہ میں ایک ایشیائی باشندے کو قتل کرکے اس کے جسم کے اعضاء کوڑے کے ڈھیر پر پھینکنے والا سفاک قاتل پکڑا گیا ، مقتول ایک پرائیویٹ فرم میں ڈرائیور تھا جس کے اعضاء ملنے کے 12 گھنٹوں کے اندر پولیس قاتل تک پہنچ گئی ۔ اماراتی میڈیا کے مطابق شارجہ پولیس نے ایک کٹی ہوئی لاش کی شناخت کے 12 گھنٹے کے اندر قتل کے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے ، ایشیائی مشتبہ شخص نے مبینہ طور پر اپنے ہم وطن کو قتل کیا تھا اور لاش کو کچرے میں پھینکنے سے پہلے اس کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیے تھے ۔

پولیس نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے انہیں جسم کے اعضاء ملنے کے بارے میں مطلع کیا ، پولیس ڈمپ پر پہنچی اور 1500 ٹن کچرے کو چھانٹ کر جسم کے اعضاء کو تلاش کیا ، جس کے بعد پولیس نے مقتول کی شناخت 40 سال کے ایشیائی باشندے کے طور پر کی ، جو ایک پرائیویٹ فرم میں ڈرائیور کے طور پر کام کرتا تھا ۔

(جاری ہے)

کرنل عمر بو الزود نے کہا کہ اس گھناؤنے مجرم کو جلد سے جلد پکڑنے کے لیے دو بار کوشش کی گئی اور پولیس نے مقتول کی شناخت کے 12 گھنٹے کے اندر ملزم کو گرفتار کر لیا ، جس نے مبینہ طور پر مقتول کے ساتھ کچھ ذاتی تنازعات کی بناء پر اس کا قتل کیا تھا ۔

شارجہ پولیس کے کمانڈر انچیف میجر جنرل سیف الزاری الشمسی نے CID افسران کی کارکردگی اور امارات میں سکیورٹی اور حفاظت کو برقرار رکھنے کے لیے ان کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی جب کہ مقدمہ پبلک پراسیکیوشن کو منتقل کر دیا گیا ہے۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں