شارجہ میں 1500 درہم کی نوکری پر کاریں دھونے والا کروڑ پتی بن گیا

کار واش کمپنی کے مسلمان ایشیائی ملازم کتھار حسین نے بگ ٹکٹ کی تاریخ میں 3 کروڑ درہم کا سب سے بڑا گرینڈ پرائز جیت لیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 6 دسمبر 2022 13:40

شارجہ میں 1500 درہم کی نوکری پر کاریں دھونے والا کروڑ پتی بن گیا
شارجہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 دسمبر 2022ء ) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں صرف 1500 درہم کی نوکری پر کاریں دھونے والا ورکر کروڑ پتی بن گیا کیوں کہ کار واش کمپنی کے مسلمان ایشیائی ملازم کتھار حسین نے بگ ٹکٹ ڈرا میں 3 کروڑ درہم انعام جیت لیا۔ اماراتی میڈیا کے مطابق شارجہ میں کار واش کمپنی میں صرف 1,500 درہم کمانے والا ایک کارکن ابوظہبی کے بگ ٹکٹ ڈرا میں 3 کروڑ درہم انعام جیتنے کے بعد خود کو چاند محسوس کر رہا ہے، کتھار حسین کا تعلق بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر تروچیراپلی سے ہے، جس نے بگ ٹکٹ کی تاریخ میں سب سے بڑا گرینڈ پرائز جیتا ہے تاہم شو کے میزبان ان تک پہنچنے میں ناکام رہے کیوں کہ وہ اپنے آبائی گھر چھٹیوں پر گئے ہوئے تھے جس کی وجہ سے ان کا موبائل فون نمبر بند آراہا تھا لیکن خوش قسمتی سے وہ قرعہ اندازی کو آن لائن براہ راست دیکھ رہا تھا اور فوری طور پر شارجہ واپس چلا آیا۔

(جاری ہے)

حسین نے کہا ہے کہ یہ ایک ناقابل یقین لمحہ تھا، یہ اللہ کی نعمت ہے بصورت دیگر صرف 1,500 درہم کمانے والا شخص 30 ملین درہم کا عظیم انعام کیسے جیت سکتا ہے، میں یہاں 2017 سے مقیم ہوں اور کار واش سروس سینٹر میں کام کر رہا ہوں، میں پچھلے پانچ سالوں میں 7 سے 8 بار ٹکٹ خریدنے میں کامیاب رہا ہوں، اس کے لیے میں ہر مہینے پیسے بچاتا تھا اور پھر اپنے دوست دیوراج کے تعاون سے ٹکٹ خریدتا تھا جب کہ جیتنے والا ٹکٹ نمبر 206975 بگ ٹکٹ کے کیش آن ڈیلیوری آپشن کے ذریعے پہنچایا گیا تھا۔

انعام جیتنے والے خوش قسمت نے بتایا کہ میں نے 6 نومبر کو ٹکٹ آن لائن خریدا لیکن اس کی ڈیلیوری اپنی سالگرہ پر لی اور یہ میرے لیے خوش قسمت نکلا، اس انعام سے میں یہاں اپنا کاروبار شروع کروں گا، میں ان لوگوں کے ساتھ رہوں گا جنہوں نے میری حمایت کی، جیسے میرے مینیجر، جنہوں نے میرے کام کی جگہ پر میری بہت مدد کی، گھر میں میرے دو بھائی اور ایک بہن ہے، میں انہیں یہاں لانا چاہتا ہوں اور ایک خاندان کے طور پر خوشی سے رہنا چاہتا ہوں۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں