شارجہ میں گاڑیوں کے گودام میں آگ لگ گئی

آتشزدگی سے استعمال شدہ کاروں کے اسپیئر پارٹس کا ذخیرہ تباہ ہو گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 8 دسمبر 2022 14:03

شارجہ میں گاڑیوں کے گودام میں آگ لگ گئی
شارجہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 دسمبر 2022ء ) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں گاڑیوں کے گودام میں آگ لگ گئی، آتشزدگی کے باعث استعمال شدہ کاروں کے اسپیئر پارٹس کا ذخیرہ تباہ ہو گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق شارجہ کے انڈسٹریل ایریا 6 میں واقع اسپیئر پارٹس کے گودام میں جمعرات کی صبح زبردست آگ بھڑک اٹھی جس سے گودام میں موجود سارا مواد جل گیا، تاہم خوش قسمتی سے اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

شارجہ سول ڈیفنس کے ایک اعلیٰ اہلکار نے بتایا کہ صبح 7 بج کر 15 منٹ پر آپریشن روم کو اطلاع بھیجی گئی کہ گودام میں آگ لگ گئی، اطلاع ملتے ہی سول ڈیفنس کی گاڑیاں المینہ اور سمنان مراکز اور النہدہ پوائنٹ سے ایمبولینس کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جنہوں نے فوری امدادی کارروائیوں کا آغاز کرتے ہوئے آدھے گھنٹے میں آگ پر قابو پالیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ سول ڈیفنس کی ٹیموں نے آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات اور تعین کرنے کے لیے جائے وقوعہ کو مجاز اتھارٹی کے حوالے کرنے کی تیاری کے لیے آگ کے شعلوں کو دوبارہ بھڑکنے سے روکنے کے لیے آتشزدگی کے مقام پر کولنگ کا عمل مکمل کیا۔

چند روز قبل ڈاون ٹاؤن دبئی کی 35 منزلہ عمارت میں آگ بھڑک اٹھی تھی، جائے وقوعہ کے سامنے ایک عمارت میں رہائشی نے بتایا کہ آگ تقریباً 2 بج کر 20 منٹ پر لگی، میری والدہ اس وقت جاگیں جب آگ لگی جس کی وجہ سے ان کا پورا کمرہ روشن تھا، میری عمارت کا رخ بلیوارڈ کی طرف 8 ہے اور ہمیں نظر آیا کہ عمارت کے بائیں جانب اوپر سے نیچے تک آگ لگی ہوئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ آگ دو اپارٹمنٹس کے اندر پھیل گئی تھی جو کہیں درمیان میں تھے، باقی عمارت کے لیے یہ بیرونی حصے تک محدود تھی، ایک مرحلے پر زمین پر ملبے کے ٹکڑے گرے تھے، آگ پر صبح 3 بج کر 45 بجے تک قابو پالیا گیا تھا اور ہم جائے وقوعہ پر فائر فائٹرز اور ایمرجنسی عملے کو دیکھ سکتے تھے۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں