پاکستان کو پہلی مرتبہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں افغانستان کے ہاتھوں شکست

شارجہ کے میدان میں تاریخ رقم ہو گئی، افغانستان کے بلے باز 93 رنز کا ہدف 18 ویں اوور میں حاصل کرنے میں کامیاب رہے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 25 مارچ 2023 00:18

پاکستان کو پہلی مرتبہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں افغانستان کے ہاتھوں شکست
شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مارچ2023ء) پاکستان کو پہلی مرتبہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں افغانستان کے ہاتھوں شکست۔ تفصیلات کے مطابق شارجہ کے میدان میں تاریخ رقم ہو گئی، سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں افغانستان کے بلے باز پاکستان کی جانب سے دیا گیا 93 رنز کا ہدف 18 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے 38 رنز کی اہم اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کو تاریخی فتح دلوائی۔

پاکستان کی جانب سے احسان اللہ 2 وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان پہلی باضابطہ بین الاقوامی کرکٹ سیریز کیلئے شارجہ میں میدان سجا۔ تاریخی میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم کے بلے باز 100 رنز بھی نہ بنا سکے۔

(جاری ہے)

پاکستان مقررہ 20 اوورز میں پاکستان 9 وکٹوں پر محض 92 رنز بنا سکا۔ پاکستان کی جانب سے عماد وسیم 18 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اس سے قبل تاریخی سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کا ٹاس قومی ٹیم کے کپتان شاداب خان نے جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب، طیب طاہر اور احسان اللہ، زمان خان ڈیبیو کریں گے۔ جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شاداب خان، عبد اللہ شفیق، محمد حارث، اعظم خان، عماد وسیم، فہیم اشرف، نسیم شاہ شامل ہیں۔ آٹھ کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک سرکٹ اور حال ہی میں ختم ہونے والی پاکستان سپر لیگ سیزن 8میں شاندار پرفارمنس کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے 15رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

یہ سیریز ان کھلاڑیوں کے لئے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی فارم کو برقرار رکھنے کا موقع فراہم کرے گی۔ یہاں یہ واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں مختلف ٹورنامنٹس کے دوران تو آمنے سامنے آتی رہیں، تاہم دونوں ٹیمیں کبھی بھی ایک باضابطہ مکمل سیریز میں آمنے سامنے نہیں آئیں۔ پاکستان اور افغانستان کی پہلی باضابطہ سیریز گزشتہ برس کھیلی جانا تھی، تاہم افغانستان کے حالات کی وجہ سے سیریز التوا کا شکار رہی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ایک روزہ میچز پر مشتمل ہونا تھی، تاہم کچھ ماہ قبل سیریز کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں