یو اے ای میں سوگ کا سماں، اماراتی شہزادی انتقال کر گئی

شیخہ شمسہ کی وفات پر ریاست اُم القوین میں تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 24 مئی 2021 13:59

یو اے ای میں سوگ کا سماں، اماراتی شہزادی انتقال کر گئی
اُم القوین(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24مئی2021ء) متحدہ عرب امارات میں اس وقت سوگ کا سماں ہے۔ شاہی خاندان اور اماراتی عوام دُکھ سے دوچار ہیں۔ اس کی وجہ امارات کے شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیت کاانتقال کر جانا ہے۔اماراتی ریاست اُم القوین کے شاہی خاندان کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ حکمران خاندان سے تعلق رکھنے والی شیخہ شمسہ بنت ماجد وفات پا گئی ہیں۔

شیخہ شمسہ کی وفات گزشتہ روز شام کے وقت ہوئی۔ ان کی نماز جنازہ آج صبح الراس کی شیخ احمد بن راشد المعلی مسجد میں ادا کرنے کے بعدتدفین کر دی گئی ہے۔ اُم القوین کی حکومت نے شیخہ شمسہ کی وفات پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران اماراتی پرچم سرنگوں رہے گا۔ شاہی ایوان کی جانب سے شیخہ شمسہ کی وفات پر گہرے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے اور اللہ کے حضور انہیں اس بڑے سانحے کے دوران صبر و استقامت عطا فرمانے کی بھی دُعا کی ہے۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر بھی لوگوں کی جانب سے مرحومہ شیخہ مریم کے لیے مغفرت اور آخرت میں بلند درجات کی دعائیں کی گئی ہیں اور شاہی خاندان سے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ شیخہ شمسہ ، مرحوم شیخ راشد بن احمد المعلیٰ کی زوجہ اور شیخ محمد بن راشد، عبداللہ بن راشد، علی بن راشد اور مروان بن راشد المعلیٰ کی والدہ تھیں۔واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل امارات کی شہزادی شیخہ مریم بن حمدان بن زاید بن خلیفہ النہیان انتقال کر گئی تھیں۔

وہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زایدکی قریبی رشتہ دار تھیں۔ اس سے قبل اُم القوین کے شاہی خاندان کے رُکن شیخ علی بن حمید بن احمد المعلیٰ ٹریفک حادثے میں انتقال کر گئے تھے۔ شاہی ایوان کے مطابق شیخ علی بن حمید کی گاڑی کو خوفناک حادثہ پیش آیا تھاجس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گئے تھے۔ مرحوم شیخ علی اماراتی سپریم کونسل کے ممبر بھی تھے۔ ا ن کا شمار شاہی خاندان کی ممتاز شخصیات میں ہوتا تھا۔ اماراتی عوام نے بھی اس دْکھ بھری خبر پر سوشل میڈیا چینلز کے ذریعے شاہی خاندان سے تعزیت کا اظہار کیاتھا۔

ام القیوین میں شائع ہونے والی مزید خبریں