ابو ظہبی: تازہ تازہ رُونما ہوئے ہولناک حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

ٹریفک پولیس نے ویڈیو کے حوالے سے عوام سے آراء طلب کی گئی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 10 جولائی 2018 12:24

ابو ظہبی: تازہ تازہ رُونما ہوئے ہولناک حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
ابوظہبی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 جُولائی 2018) ابوظہبی پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹریفک حادثے کی ویڈیو پوسٹ کی ہے جوچند روز قبل متحدہ عرب امارات کی ایک مصروف شاہراہ پر رُونما ہوا۔ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڑک کی بائیں لین جو تیز رفتار گاڑیوں کے لیے مخصوص ہے‘ اس پر ایک سفید رنگ کی سیلون کار اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے جبکہ اس کے ساتھ والی لین پر ایک SUV گاڑی آگے بڑھ رہی ہے۔

اتنے میں عقب سے ایک اور SUV گاڑی آتی ہے اور اپنے سے آگے موجود مذکورہ دونوں گاڑیوں کے درمیان سے راستہ بنانے کی کوشش کرتی ہے مگر اس ناکام کوشش میں دونوں گاڑیوں کو ٹکر مار دیتی ہے جس کے باعث بائیں لین پر جانے والی گاڑی پہلے ڈیوائیڈر سے ٹکراتی ہے اور پھر بے قابو ہو کر ٹکر مارنے والی گاڑی سے دوبارہ ٹکرا کر انتہائی دائیں جانب کی لین کا رُخ کرتی ہے اور کنارے پر بنے بیریئر سے ٹکرا کر ہولناک حادثے کا شکار بن جاتی ہے جبکہ اس کے ساتھ والی لین پر جا رہی SUV گاڑی بھی ٹکر کے باعث بے قابو ہو کر انتہائی دائیں لین پر جا کر رُک جاتی ہے۔

(جاری ہے)

ٹریفک پولیس کی جانب سے مذکورہ ویڈیو میں پیش آئے حادثے کے حوالے سے ٹویٹر صارفین سے آراء طلب کی ہیں‘ جس میں پوچھا گیا ہے کہ اس نوعیت کے حادثات کو رُونما ہونے سے کیسے روکا جا سکتا ہے۔ اس پر اپنا ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے ہر لین پر کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ رفتار کا تعین کیا جانا چاہیے۔ جبکہ کچھ کا خیال تھا کہ اس قِسم کے حادثات کی وجہ ڈرائیور حضرات کا دُوسری گاڑیوں سے آگے نکل کر اپنی انا کو تسکین فراہم کرنے کا مذموم رویہ ہے۔

کچھ افراد نے تجویز دی کہ تمام گاڑیوں کے اگلی اور پچھلی جانب کیمرہ انسٹال کیے جائیں تاکہ ٹریفک حادثات کی صورت میں اصل ذمہ داروں کا ٹھیک طرح سے تعین ہو سکے اور عوام کو بھی حادثوں کی ہولناکی کا صحیح طرح سے اندازہ ہو سکے تاکہ وہ خود کو ٹریفک ضوابط کی خلاف ورزی سے باز رکھ سکیں۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں