ابو ظہبی: جائے حادثہ کی ویڈیو بنانے پر 71 افراد پر جرمانے عائد

پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پر حادثوں کی ویڈیو پوسٹ کرنے پر سخت ایکشن

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 11 جولائی 2018 15:50

ابو ظہبی: جائے حادثہ کی ویڈیو بنانے پر 71 افراد پر جرمانے عائد
ابو ظہبی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 جُولائی 2018) ابو ظہبی پولیس نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران جائے حادثہ کی فلم بندی کرنے اور اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کے جُرم میں71 افراد پر بھاری جرمانے عائد کیے ہیں۔ ابو ظہبی پولیس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس حوالے سے وارننگ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق جائے حادثہ کی فلم بنانا اور اُسے سوشل میڈیا سائٹس پر پوسٹ کرنا جُرم کے زمرے میں آتا ہے۔

اس فعل کے مرتکب افراد کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پولیس کے مطابق حادثے کی جگہ پر رُکنے کے باعث ٹریفک جام ہو جاتی ہے جس کے باعث زخمیوں کی طبی امداد اور اُنہیں ہسپتال پہنچانے کے لیے آنے والی ایمبولینسز تاخیر کا شکار ہو جاتی ہیں جس سے جائے حادثہ پر موجود زخمی فرد کی جان بھی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

جائے حادثہ پر موجود ڈرائیوروں کا گاڑی سڑک کے کنارے روک کر خود پیدل چل کر جائے حادثہ کا نظارہ کرنا بھی قابلِ مذمت عمل ہے۔

کیونکہ اس کے باعث بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے۔ قانون کی رُو سے سڑک پر رُونما ہونے والے حادثات کے دوران ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ ڈالنے یا روڈ کی بندش کے مرتکب افراد پر ایک ہزار درہم کا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل العین کے علاقے میں ایک کار کو پیش آنے والے حادثے کے بعد وہاں لوگ اکٹھے ہوئے تھے۔ جو وہاں سے گزرنے والی ایک تیز رفتار کار کی زد میں آ کر خود بھی ناگہانی حادثے کا شکار بن گئے تھے۔ اس حادثے میں نو افراد زخمی ہوئے تھے۔ تاہم وہاں موجود گاڑیوں اور راہگیروں کی وجہ سے ایمبولینسز اور پولیس پٹرولز کو پہنچنے میں دِقت کا سامنا کرنا پڑا اور یوں زخمیوں کی طبی امداد اور انہیں ہسپتال پہنچانے کا عمل بھی تاخیر کا شکار ہو گیا تھا۔
ابو ظہبی: جائے حادثہ کی ویڈیو بنانے پر 71 افراد پر جرمانے عائد

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں