ابوظہبی:ڈرائیور حضرات کے لیے بڑی خوش خبری

ٹریفک جرمانوں پر 25 فیصد رعایت کا اعلان کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 24 جولائی 2018 15:17

ابوظہبی:ڈرائیور حضرات کے لیے بڑی خوش خبری
ابو ظہبی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 جُولائی 2018) ابو ظہبی کی ٹریفک پولیس کی جانب سے ڈرائیور حضرات کے لیے اہم اعلان کر دیا گیا۔ اب ڈرائیور حضرات کو ٹریفک اور پارکنگ کی خلاف ورزی پر عائد کیے جانے والے جرمانوں کا 75 فیصد ادا کرنا پڑے گا۔ اس طرح اُنہیں جرمانے کی ادائیگی میں 25فیصد کی چھُوٹ دی گئی ہے۔ ابو ظہبی کی ٹریفک کورٹ کے مطابق ٹریفک اور پارکنگ کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے مقدمات کی سماعت کے دوران انہیں جرمانوں میں 25 فیصد رعایت دی جائے گی۔

ٹریفک جرمانوں میں یہ رعایت صرف ابو ظہبی کی ریاست کی حدود کے اندر ٹریفک اور پارکنگ ضابطوں کی خلاف ورزی پر کیے گئے جرمانوں پر دی جا رہی ہے‘ البتہ اس میں العین اور الظفرہ کے علاقے بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس رعایت کے حصول کے لیے صارفین کو ذاتی طور پر ابو ظہبی پولیس ہیڈ کوارٹر میں قائم کسٹمر ہیپینس سنٹر تشریف لانا ہو گا‘ اس دوران اُن کے پاس اماراتی شناختی کارڈ‘ ڈرائیونگ لائسنس اور کار رجسٹریشن کی دستاویزات ہونا لازمی ہے۔

یہاں سے اُنہیں جرمانوں کے ڈیپارٹمنٹ میں بھیجا جائے گا جہاں اُنہیں ایک پرنٹ آؤٹ دیا جائے گا جسے پُر کرنے کے بعد اُن کا ٹریفک خلاف ورزی کا کیس ٹریفک کورٹ کو منتقل ہو جائے گا۔ اگلے روز ڈرائیور حضرات ابو ظہبی ٹریک اور پٹرولز ڈائریکٹوریٹ کے ہیڈ کوارٹر جا کر اس بات کی تسلی کریں گے کہ اُن کی درخواست منظور کی گئی ہے یا نہیں۔ اس کے بعد مرد یا خواتین ڈرائیورزمتعلقہ کاغذات کے ساتھ ڈائریکٹوریٹ میں واقع ٹریفک کورٹ جا کر جرمانوں میں رعایت حاصل کر لیں گے۔ کاغذی کارروائی کی تکمیل کے بعد‘ عوام الناس ٹریفک پولیس ڈیپارٹمنٹ کو رسید دکھا کر اپنے کھاتے میں درج ٹریفک خلاف ورزی پر جرمانے کا ریکارڈ ختم کروا سکیں گے۔ ٹریفک کورٹ صبح آٹھ بجے سے رات بارہ بجے تک کھُلی رہے گی۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں