ابوظہبی:ٹریفک جرمانوں میں رعایت کے حوالے سے وضاحت سامنے آ گئی

ہر ڈرائیور جرمانے میں رعایت حاصل کرنے کا حقدار نہیں ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 25 جولائی 2018 10:58

ابوظہبی:ٹریفک جرمانوں میں رعایت کے حوالے سے وضاحت سامنے آ گئی
ابوظہبی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 جُولائی 2018) ابو ظہبی کورٹ نے میڈیا میں چھپنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابو ظہبی میں ہر کوئی ٹریفک اور پارکنگ قوانین کی خلاف ورزیوں پر جرمانے میں رعایت حاصل کرنے کا اہل نہیں ہے۔ ابو ظہبی کی ٹریفک کورٹ کے مطابق ڈرائیور حضرات جرمانوں میں کمی کے لیے درخواست کر سکتے ہیں تاہم اس حوالے سے 25 فیصد رعایت کی کوئی شرح مخصوص نہیں کی گئی ہے۔

ہر ایک کیس کو الگ الگ انداز سے دیکھ کر فیصلہ کیا جائے گا کہ اس میں رعایت دینا بنتی ہے یا نہیں۔ 23 جولائی 2018ء کو ابو ظہبی ٹریفک کورٹ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ابو ظہبی‘ العین اور الظفرہ کے علاقے میں ٹریفک اور پارکنگ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد جرمانوں کی ادائیگی میں رعایت حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس رعایت کے حصول کے لیے صارفین کو ذاتی طور پر ابو ظہبی پولیس ہیڈ کوارٹر میں قائم کسٹمر ہیپینس سنٹر تشریف لانا ہو گا‘ جبکہ اُن کے پاس امارتی شناختی کارڈ‘ ڈرائیونگ لائسنس اور کار رجسٹریشن کی دستاویزات پاس رکھنا لازمی ہو گا۔

انہیں جرمانوں کے ڈیپارٹمنٹ میں بھیجا جائے گا جہاں اُنہیں ایک پرنٹ آؤٹ دیا جائے گا جسے پُر کرنے کے بعد اُن کا ٹریفک خلاف ورزی کا کیس ٹریفک کورٹ کو منتقل ہو جائے گا۔ اگلے روز ڈرائیور حضرات ابو ظہبی ٹریک اور پٹرولز ڈائریکٹوریٹ کے ہیڈ کوارٹر جا کر اس بات کی تسلی کریں گے کہ اُن کی درخواست منظور کی گئی ہے یا نہیں۔ درخواست کی منظوی کی صورت میں مرد یا خواتین ڈرائیورزمتعلقہ کاغذات کے ساتھ ڈائریکٹوریٹ میں واقع ٹریفک کورٹ جا کر جرمانوں میں رعایت حاصل کر لیں گے۔ کاغذی کارروائی کی تکمیل کے بعد‘ عوام الناس ٹریفک پولیس ڈیپارٹمنٹ کو رسید دکھا کر اپنے کھاتے میں درج ٹریفک خلاف ورزی کا ریکارڈ ختم کروا سکیں گے۔ ٹریفک کورٹ صبح آٹھ بجے سے رات بارہ بجے تک کھُلی رہے گی۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں