ابو ظہبی میں سڑکوں کی حدودِ رفتار میں تبدیلی کردی گئی

12 اگست سے سڑکوں پر نصب سپیڈ بفرز بھی ہٹا دیئے جائیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 25 جولائی 2018 15:40

ابو ظہبی میں سڑکوں کی حدودِ رفتار میں تبدیلی کردی گئی
ابو ظہبی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 جُولائی 2018) آج کے روز ابو ظہبی پولیس نے اپنے آفیشل انسٹا گرام پر اعلان کیا ہے کہ 12 اگست 2018ء سے دارالحکومت کی سڑکوں پر سابقہ حدودِ رفتار میں تبدیلی کر دی جائے گی جبکہ روڈز پر سے سپیڈ بفرز بھی ہٹا دیئے جائیں گے۔ اس وقت دارالحکومت کی بیشتر سڑکوں پر بفر نصب ہیں جو ڈرائیور حضرات کو اس بات کی اجازت دیتے ہیں کہ وہ مخصوص حدِ رفتار سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ  زائد رفتارتک گاڑی چلا سکتے ہیں جس پر اُنہیں کوئی سزا یا جرمانہ عائد نہیں کیا جاتا۔

تاہم 12 اگست کے بعد سے 100 کلو میٹر فی گھنٹہ کی حد رفتار پر مخصوص روڈ پر 101 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلانے والا بھی جرمانے کی زد میں آ جائے گا۔ مثال کے طور پر اگر کوئی شخص 80 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار والی سڑک پر 81 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بھی گاڑی چلائے گا تو حدِ رفتار میں اس معمولی سے تجاوز پر بھی وہ پکڑ میں آ جائے گا۔

(جاری ہے)

میجر جنرل محمد خلفان ال رومیدی کمانڈر انچیف آف ابو ظہبی پولیس نے بتایا کہ یہ فیصلہ ٹریفک سیفٹی سٹڈیز کے بعد لیا گیا ہے جس کا مقصد ابو ظہبی میں ٹریفک سیفٹی کے اعلیٰ معیارات کو اختیار کرنا ہے۔

اس ماہ کے آغاز میں ہی پولیس کی جانب سے عندیہ دیا گیا تھا کہ کچھ خاص سڑکوں پر سے سپیڈ لِمٹ بفرز ہٹا لیے جائیں گے۔ میجر جنرل الرومیدی نے بتایا کہ یہ فیصلہ ابو ظہبی پولیس کی ایک خصوصی ٹیم‘ ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹ‘ ڈیپارٹمنٹ آف اربن پلاننگ اینڈ میونسپلیٹیزکی مشترکہ سٹڈی کے بعد لیا گیا ہے۔ انہوں نے ڈرائیورز کو تاکید کی کہ وہ نئی حدودِ رفتار کی پابندی پر عمل کریں نیز بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی قومی قیادت ڈرائیور حضرات کے تحفظ اور سیفٹی کے لیے بہت متفکر ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ روڈز انفراسٹرکچر کے پراجیکٹس میں بین الاقوامی معیارات اپنائے جائیں۔

جبکہ ٹریفک قوانین کے حوالے سے بھی جدید ترین نظام اور طریقہ کار وضع کیا جائے تاکہ ٹریفک حادثات میں لوگوں کی جانوں کا ضیاع کم سے کم ہوسکے۔ ابو ظہبی میں مقیم افراد کوآئندہ ماہ حدودِ رفتار میں کی جانے والی تبدیلی کے بارے میں بتانے کے لیے ایک آگاہی مہم شروع کی جا رہی ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں