ابو ظہبی:منشیات کی برآمدگی پر 1,274 افراد گرفتار کیے گئے

گرفتار کیے گئے افراد سے مجموعی طور پر 600 کلو گرام منشیات برآمد ہوئی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 25 جولائی 2018 16:09

ابو ظہبی:منشیات کی برآمدگی پر 1,274 افراد گرفتار کیے گئے
ابو ظہبی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 جُولائی 2018) رواں سال کے دوران ابو ظہبی پولیس نے منشیات بیچنے اور استعمال کرنے پر 1,274 افراد کو زیر حراست لیا ہے۔ ان گرفتار شدگان سے مجموعی طور پر 600 کلو گرام ممنوعہ منشیات برآمد ہوئی ہے جن میں 57 کلو گرام چرس اور 6,40,000 سکون آور کیپسولز بھی شامل ہیں۔ کریمنل سیکیورٹی سیکٹر کے قائم مقام ڈائریکٹر بریگیڈیر محمد سُہیل الرشیدی نے بتایا کہ پولیس نے بارہ سو سے زائد افراد کو منشیات کی فروخت اور استعمال پر گرفتار کیا ہے۔

جبکہ ایسے منشیات فروش گروہوں اور سمگلروں کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی ہے جو دیگر ممالک میں بیٹھ کر امارات میں منشیات پہنچانے کے گھناؤنے دھندے میں ملوث تھے۔ اتنی بڑی مقدار میں منشیات کی ضبطی اس بات کا ثبوت ہے کہ پولیس بڑی جانفشانی سے اپنی ذمہ داری نبھا کر اماراتی سماج میں منشیات کے پھیلاؤ میں ملوث عناصر کی سرکوبی کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

بریگیڈیئر الرشیدی کا کہنا تھا کہ منشیات کا استعمال ایک عالمی مسئلہ ہے۔

نشے کی طرف رغبت کے پیچھے کئی وجوہات ہیں تاہم مذہب سے دُوری اور ماں باپ کے درمیان ازدواجی تلخی کے باعث پریشان حال بچے منشیات میں راہِ فرار حاصل کر رہے ہیں۔ والدین کا اپنے بچوں کو نشے سے بچانے اور اُس کی شخصیت کی تعمیر میں کردار کلیدی نوعیت کا ہوتا ہے۔ انہوں نے امارات میں مقیم افراد سے اپیل کی کہ وہ نوجوان نسل میں نشے کے بڑھتے ہوئے رحجانات کو لگام دینے کے لیے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ لوگوں کی زیادہ سے زیادہ تعدادکو اس لعنت سے ممکنہ حد تک بچایا جا سکے۔

اس مقصد کے لیے 80002626 پر کال کر کے اپنے ارد گرد کی منشیات سے متعلقہ کسی بھی سرگرمی کی اطلاع دی جا سکتی ہے۔ عوام کے تعاون کے باعث ہی امارات میں ایک محفوظ‘ پُرامن اور خوش حال سماج کی تخلیق کا خواب شرمندۂ تعبیر ہو سکے گا۔

متعلقہ عنوان :

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں