ابو ظہبی:دہشت گرد تنظیم سے روابط پر پاکستانی اور یمنی شہری کو جیل بھیج دیا گیا

ملزمان کے تیسرے امارتی ساتھی کو اٹھارہ ماہ قید کی سزا سُنائی گئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 26 جولائی 2018 13:32

ابو ظہبی:دہشت گرد تنظیم سے روابط پر پاکستانی اور یمنی شہری کو جیل بھیج دیا گیا
ابو ظہبی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 جُولائی 2018) ابو ظہبی کی مقامی عدالت نے ایک یمنی باشندے کو دہشت گرد تنظیم کی رُکنیت اختیار کرنے اور سوشل میڈیا پر دہشت پسندانہ خیالات کے پرچار کا مجرم گردانتے ہوئے دس سال قید کی سزا سُنا دی ہے۔ 37 سالہ یمنی باشندہ دہشت گرد تنظیموں کو مالی مدد فراہم کرنے اور نوجوان لوگوں کو ان تنظیموں سے منسلک ہونے کی ترغیب بھی دیتا رہا۔

عدالت نے ملزم کو مقدمے کی کارروائی کی فیس ادا کرنے کا حُکم بھی سُنایا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ ملزم کے ایک پاکستانی ساتھی کو بھی تین سال قید کی سزا سُنائی گئی ہے کیونکہ اُس نے اپنے یمنی ساتھی کے دہشت پسندانہ عزائم کی رپورٹ پولیس کو نہیں دی تھی۔ 30 سالہ پاکستانی ملزم کو سزا کی مُدت پُوری ہوتے ہی ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ ملزمان کے تیسرے ساتھی کو جس کا تعلق متحدہ عرب امارات سے ہی ہے‘ ایک دہشت گرد تنظیم سے منسلک ہونے کے جُرم میں اٹھارہ ماہ قید کی سزا سُنائی گئی ہے۔ عدالت نے ملزمان کی جانب سے اپنے جرائم کے دوران استعمال ہونے والی کمیونیکیشن ڈیوائسز کی ضبطی کا حکم بھی دیا ہے۔ اس کے علاوہ ملزمان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی بند کر دیئے جائیں گے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں