ابو ظہبی:منشیات کی سمگلنگ پر غیر مُلکی باشندے کو قید اور جرمانے کی سزا

ایک پولیس اہلکار نے ملزم کے سامنے خود کو گاہک ظاہر کر کے رنگے ہاتھوں پکڑا تھا

منگل 31 جولائی 2018 11:51

ابو ظہبی:منشیات کی سمگلنگ پر غیر مُلکی باشندے کو قید اور جرمانے کی سزا
ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 جُولائی 2018) متحدہ عرب امارات میں مقیم ایک غیر مُلکی شخص کواپنے پاس منشیات رکھنے اور اُسے فروخت کرنے کے جُرم میں عمر قید کی سزا سُنا دی گئی۔ ملزم کو پچاس ہزار اماراتی درہم کا جُرمانہ بھُگتنے کے علاوہ سزا کی مُدت پُوری ہوتے ہی ڈی پورٹ بھی کر دیا جائے گا۔ ایک پولیس اہلکار نے ملزم کے سامنے خود کو گاہک ظاہر کر کے منشیات خریدنے کی خواہش کی جس پر ملزم نے جُونہی اُسے تین پیکٹ پکڑائے تو اُسے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔

عدالت میں انسدادِ منشیات کے محکمے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اُنہیں ایک خفیہ اطلاع مِلی تھی کہ ملزم منشیات فروشی کے دھندے میں ملوث ہے۔ جس پر ایک پولیس اہلکار نے ملزم سے موبائل فون پر رابطہ کر کے اُسے کہا کہ وہ منشیات کا عادی ہے ‘ سو اُسے منشیات کی مخصوص مقدار دی جائے۔

(جاری ہے)

ملزم نے اُس سے مِلنے کی ہامی بھر لی اور اپنے ساتھ منشیات کے تین پیکٹ لایا جن کی فروخت کے بدلے اُس نے خود کو گاہک ظاہر کرنے والے پولیس اہلکار سے چھے سو اماراتی درہم طلب کیے۔

اس دوران پولیس کی ایک ٹیم جو قریب ہی موجود ساری صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے تھی‘ اُس نے منشیات فروش کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا اور پولیس اہلکار کی جانب سے اُسے دی گئی 600 اماراتی درہم کی رقم بھی قبضے میں لے لی۔ بعد ازاں ملزم کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا جہاں سے منشیات کی بڑی مقدار برآمد ہوئی۔ اس سے پہلے کریمنل کورٹ نے ملزم کو عمر قید کی سزا سُنائی تھی جس کے خلاف اُس نے اپیل کورٹ میں درخواست دائر کی تھی مگر اپیل کورٹ نے اُس کی سزا بحال رکھنے کا فیصلہ سُنایا تھا۔

جس کے بعد ملزم نے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اُسے اس کیس میں غلط طور پر ملوث کیا گیا ہے۔ ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ اُس کے مؤکل سے برآمد ہونے والی نشہ آور دوائی اُس نے طبی مقصد کے لیے اپنے پاس رکھی تھی کیونکہ اُسے اکثر جسم میں درد رہتا ہے ۔ وہ قطعاً منشیات کی سمگلنگ میں ملوث نہیں ہے۔ تاہم عدالت نے سابقہ عدالتوں کا فیصلہ درست قرار دیتے ہوئے ملزم کو سُنائی جانے والی عمر قید اور جرمانے کی سزا بحال رکھی ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں