ابو ظہبی:منشیات کی فروخت میں ملوث دو افراد کو عمر قید کی سزا

اعلیٰ عدالت نے ملزمان کی سزائے موت کو عمر قید کی سزا میں بدل دِیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 6 اگست 2018 12:58

ابو ظہبی:منشیات کی فروخت میں ملوث دو افراد کو عمر قید کی سزا
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 اگست 2018) منشیات کے دھندے میں ملوث دو افراد کو سپریم کورٹ نے عمر قید کی سزا سُنائی ہے۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق دونوں ملزمان میں سے ایک ملزم کو پولیس نے منشیات فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا جس کی نشاندہی پر دُوسرے ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی۔ استغاثہ کے مطابق پولیس کو اطلاع مِلی تھی کہ امارات میں مقیم ایک غیر مُلکی شخص منشیات کی فروخت میں ملوث ہے۔

جس پر پولیس کے ایک اہلکار نے ملزم سے رابطہ کر کے خود کو منشیات کا گاہک ظاہر کرتے ہوئے منشیات خریدنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ دونوں کے درمیان نو ہزار اماراتی درہم کے عوض منشیات کی فروخت پر معاملہ طے پا گیا۔ جونہی ملزم اپنی کار سے اُتر کر پولیس اہلکار کے پاس آیا‘ اور اُسے منشیات پکڑا کر بدلے میں پیسے وصول کیے۔

(جاری ہے)

موقع پر موجود پولیس کی ٹیم نے ملزم پر دھاوا بول کر اُسے گرفتار کر لیا۔

جو اس غیر متوقع صورتِ حال پر پریشان ہو گیا اور کہا کہ یہ منشیات اُس کی نہیں بلکہ اُس کے ایک دوست کی ہے‘ وہی دراصل منشیات کا اصل ڈیلر ہے‘ اُسے اس ڈیل کے بدلے ایک ہزار درہم مِلنا تھے۔ جس پر پولیس کی ٹیم اُسے دُوسرے ملزم کے پاس لے گئی جو ایک دُوسرے علاقے میں اپنی کار میں بیٹھا پہلے ملزم کا انتظار کر رہا تھا۔ دُوسرے ملزم کی گرفتاری کے بعد اُس کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔

جہاں سے منشیات کی مختلف اقسام برآمد ہوئیں۔ دُوسرے گرفتار کئے گئے ملزم کا کہنا تھا کہ اُس کے جسم میں درد رہتا ہے‘ اس لیے ڈاکٹر نے اُسے نشہ آور دوائی تجویز کی ہے۔ تاہم ثبوت طلب کرنے پر وہ ڈاکٹر کا نسخہ نہ دِکھا سکا۔ جس پر اُسے گرفتار کر لیا گیا۔ زیریں عدالت کی جانب سے ملزمان کواپنے پاس منشیات رکھنے اور اسے فروخت کرنے کے الزام میں سزائے موت کی سزا سُنائی تھی۔ جسے انہوں نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا جہاں ملزمان کی سزا میں رعایت کرتے ہوئے اسے عمر قید میں بدل دیا گیا۔ دونوں ملزمان پر دس دس ہزار اماراتی درہم کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں