ابو ظہبی: امتحان میں نقل کے لیے مدد فراہم کرنے پر دو افراد گرفتار

ملزمان ہر سوال کے بدلے میں 500سے 1000درہم تک وصول کر رہے تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 6 اگست 2018 13:38

ابو ظہبی: امتحان میں نقل کے لیے مدد فراہم کرنے پر دو افراد گرفتار
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 اگست 2018ء) دو عرب باشندوں کو جنرل سیکنڈری سکول کے امتحان کے دوران طلباء کوامتحانی سوالنامے کے آن لائن جواب فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ دونوں ملزمان ابو ظہبی کی ایک یونیورسٹی کے طالب علم ہیں۔ پولیس کے مطابق کمرہ امتحان میں بیٹھے طالب علم اُنہیں امتحانی پیپر پر درج سوالات واٹس ایپ کے ذریعے بھیجتے‘ جس پر وہ ان سوالوں کے آن لائن جواب تلاش کر کے اُنہیں واپس طالب علم کو بھیج دیتے‘ اس ناجائز مدد کے باعث طلباء آسانی سے اپنا پیپر حل کر لیتے۔

ملزمان مبینہ طور پر ہر سوال کے جواب کے عوض پانچ سو اماراتی درہم سے لے کر ایک ہزار اماراتی درہم تک وصول کرتے۔ یہ ریٹ مضمون کی نوعیت اور مواد کے مطابق طے کیا جاتا۔ شروع میں ملزمان نے نقل کی مدد صرف مخصوص طلباء کو فراہم کی تاہم بعد میں جب اُن سے مدد لینے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا‘ تو کسی طالب علم نے اُن کی مذموم کارروائیوں کی خبر پولیس کو دی۔

(جاری ہے)

پولیس کے کریمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ نے ان کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھنا شروع کر دی جس کے بعد بالآخر ان کی گرفتاری عمل میں آئی۔ گرفتاری کے بعد ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ سوشل میڈیا ایپلیکیشنز کی مدد سے طلباء کو اُن کے پرچے کے حل کے لیے آن لائن مدد فراہم کرتے تھے۔ پولیس حکام نے محکمہ تعلیم پر زور دیا ہے کہ وہ کمرہ امتحان میں طلباء کو موبائل فون کے استعمال کی اجازت نہ دیں۔ کیونکہ اس کے باعث بہت سارے طالب علم ناجائز طور پر اپنا پرچہ آن لائن حل کروا لیتے ہیں۔ جس کے باعث ایسے لوگوں کی حق تلفی ہوتی ہے جو حقیقی معنوں میں سارا سال محنت کرتے ہیں۔ کمرہ امتحان میں طلباء کی نگرانی کو مؤثر بنانے بغیر امتحانی عمل میں شفافیت لانا ممکن نہیں۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں