ابوظہبی میں 26000نئی پارکنگ سلاٹس قائم کی جائیں گی

پارکنگ پرمٹ کی پہلی بار فیس 800 درہم جبکہ دُوسری بار 1200 درہم ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 8 اگست 2018 11:50

ابوظہبی میں 26000نئی پارکنگ سلاٹس قائم کی جائیں گی
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 اگست 2018ء) رواں مہینے نئی پارکنگ سکیم کے نفاذ کے بعد دارالحکومت میں چھبیس ہزار نئی پارکنگ سلاٹس قائم کی جائیں گی۔ ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹ کے مطابق نئی پارکنگ سکیم ریاست کے تمام حصّوں میں نافذ ہو گی جس کا نفاذ 18 اگست 2018ء سے ہو رہا ہے۔ اس پارکنگ سکیم کے تحت ہر وہ شخص جو ابو ظہبی میں مقیم ہے اور اُس کے پاس اپنی گاڑی ہے‘ اُسے پارکنگ کے کے لیے رہائشی پرمٹ بنوانا ہو گا۔

ڈیپارٹمنٹ کے ایک اعلیٰ عہدے دار خامس الظاہمنی نے کہا ’’ابو ظہبی میں مقیم تمام افراد کو جان لینا چاہیے کہ 18 اگست 2018ء سے ابو ظہبی کے ہر علاقے میں فری پارکنگ ختم ہو جائے گی ‘ صرف سفارتی علاقہ اس پابندی سے مستثنیٰ ہو گا۔ تمام رہائشیوں اورگاڑی مالکان کو رہائشی پارکنگ پرمٹس کے لیے فوری طور پر اپلائی کر دینا چاہیے کیونکہ 18 اگست کے بعد پارکنگ پرمٹس نہ ہونے کی صورت میں جرمانہ عائد ہو گا۔

(جاری ہے)

جبکہ پرمٹس بنانے والے افراد کو اپنے رہائشی ایریا کے قریب مخصوص مقامات پر فری گاڑی پارک کرنے کی رعایت حاصل ہو گی۔ پیشگی پارکنگ سکیم کا مقصد ابو ظہبی کو ٹریفک کے معاملے میں ایک منظّم ریاست بنانا ہے جس کے باعث شہریوں اور فیملیوں کو گھر کے قریب پارکنگ ایریا کی سہولت حاصل ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ صحرائی علاقوں اور فٹ پاتھوں پر غیر قانونی پارکنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔

سکیم کے تحت ٹریفک کو رواں دواں رکھنے‘ روڈ سیفٹی کے تحفظ اور جابجا ناجائز پارکنگ کے مسائل پر قابو پانے میں مدد مِلے گی۔ غیر مُلکیوں کے لیے پہلی بار رہائشی پرمٹ بنوانے پر آٹھ سو درہم ادا کرنا ہوں گے جبکہ دُوسری بار بارہ سو درہم وصول کیے جائیں گے۔ یہ پرمٹس سال میں دو قسطوں کی صورت میں حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ جس کے لیے پہلی ششماہی میں چار سو درہم وصول کیے جائیں گے جبکہ دوسری ششماہی پر چھ سو درہم ادا کرنا ہوں گے۔ اماراتی باشندے چار رہائشی پرمٹس بلامعاوضہ حاصل کرنے کے مجاز ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں