ابوظہبی: پارکنگ سسٹم کے نفاذ کے بعداگلے تین ہفتوں تک جرمانے عائد نہیں ہوں گے

ابو ظہبی میں 18 اگست 2018ء سے نیا پارکنگ نظام نافذ العمل ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 9 اگست 2018 14:18

ابوظہبی: پارکنگ سسٹم کے نفاذ کے بعداگلے تین ہفتوں تک جرمانے عائد نہیں ہوں گے
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 اگست 2018ء) 18اگست 2018ء کو ابوظہبی میں نیا پارکنگ سسٹم نافد کر دیا جائے گا تاہم ڈرائیور حضرات کو اگلے تین ہفتوں تک کے لیے پارکنگ ضابطوں کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد نہیں کیے جائیں گے۔ اس رعایتی مُدت کے دوران ڈرائیور حضرات کو نئے پارکنگ سسٹم کے بارے میں اچھی طرح جاننا ہو گا۔ ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق نئی پارکنگ سکیم دارالحکومت کے 42 علاقوں میں نافذ کی جا رہی ہے جن میں مقطع برِج‘ شیخ زائد برِج‘ مُصفّیٰ برج اور کورنیشے کے علاقے بھی شامل ہیں۔

اس مقصد کے لیے دارالحکومت کے مختلف مقامات پر گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے 26ہزار مقامات مخصوص کیے جا رہے ہیں۔ تاہم ابو ظہبی کے مضافاتی علاقے اس سکیم سے مستثنیٰ ہیں۔ نئی پارکنگ سکیم کا مطلب ہے کہ ابو ظہبی میں مقیم ہر وہ شخص جس کے پاس اپنی گاڑی ہے‘ اُسے پارکنگ کے بدلے میں فیس ادا کرنا ہو گی۔

(جاری ہے)

ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ میں مواقف ٹیم کے سربراہ خامس الضامنی کے مطابق نئی پارکنگ سکیم ابو ظہبی کے ہر علاقے میں نافذ العمل ہوگی‘ تاہم سفارتی ایریا اس پابندی سے مستثنیٰ ہے۔

اس لیے تمام گاڑی مالکان کو 18 اگست سے پہلے پہلے اپنا پارکنگ پرمٹ بنوا لینا چاہیے کیونکہ 18 اگست کے بعد پارکنگ پرمٹ کی عدم موجودگی پر جرمانے کا سامنا کرنا ہو گا۔ اپارٹمنٹس میں مقیم اماراتی شہری چار مفت رہائشی پرمٹس حاصل کرنے کے مجاز ہوں گے۔ سالانہ رہائشی پارکنگ پرمٹ بنوانے کے لیے پہلی مرتبہ 800 اماراتی درہم ادا کرنا ہوں گے جبکہ دُوسرے سال پرمٹ کی تجدید کروانے کے موقع پر 1200 اماراتی درہم ادا کرنا ہوں گے۔ ٹرانسپورٹ حکام کے مطابق نئے سسٹم کے نفاذ سے جا بجا غیر قانونی پارکنگز کا خاتمہ ہو جائے گا جس کے باعث ٹریفک کے بہاؤ کو رواں دواں رکھنے میں خاصی کامیابی مِلے گی۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں