ابو ظہبی:’عید الاضحی پر آتش بازی کے مظاہروں کے دوران بچوں کا خاص دھیان رکھیں‘

ماضی میں کئی افراد آتش بازی کے دوران حادثات سے دو چار ہو چکے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 18 اگست 2018 13:28

ابو ظہبی:’عید الاضحی پر آتش بازی کے مظاہروں کے دوران بچوں کا خاص دھیان رکھیں‘
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 اگست 2018ء) عید الاضحی کی آمد آمد ہے۔ تمام اُمتِ مُسلمہ عید کی خوشیاں سمیٹنے کے لیے بے تاب نظر آتی ہے۔ تقریباً ایک ارب سے زائد مسلمانوں کا یہ تہوار مختلف مُلکوں اور براعظموں میں بٹے مسلمانوں کے لیے مِلّی یک جہتی کا اظہار بھی ہے۔دُنیا بھر کی طرح متحدہ عرب امارات میں بھی لوگ اس مذہبی تہوار کو بہت جوش و خرو ش سے مناتے ہیں۔

نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد بکروں‘ دُنبوں‘ اُونٹوں اور گائے بیلوں کی قربانی کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے‘ جو تین دِن تک جاری رہتا ہے۔ اہلِ خانہ قربانی کا گوشت رشتہ داروں اور ناداروں میں تقسیم کرتے ہیں اور بقایا گوشت سے مزے مزے کی چٹ پٹی اور اشتہا انگیز ڈِشز تیار کرتے ہیں۔ اس موقع پر مہمانوں کو بھی مدعو کر کے عید کی خوشیوں کا لطف دوبالا کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

عید فیسٹیولز کا انعقاد بھی ہوتا ہے جن میں خاص طور پر بچے اور کم سن افراد بہت زیادہ محظوظ ہوتے ہیں۔ہر سال مختلف تفریحی مقامات پر آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا جاتا ہے۔ جس دیکھنے کے لیے امارات میں رہائش پذیر افراد سارا سال انتظار کرتے ہیں۔ تاہم ابو ظہبی پولیس نے عوام کو آگاہ کیا ہے کہ وہ عید الاضحی کے موقع پر آتش بازی کے خطرات سے خبردار رہیں۔

پولیس سیکیورٹی اینڈ پورٹس افیئر کے فائر آرمز اوردھماکہ خیز مواد کے سیکشن کے ڈائریکٹر بریگیڈیر سالم حمود البلوشی کا کہنا ہے کہ آتش بازی کے دوران والدین بچوں کو آتش گیر مواد سے دُور رکھیں اور ان کو اپنی نظروں سے اوجھل نہ ہونے دیں۔ آتش بازی کا سامان بہت خطرناک ہوتا ہے اس لیے نہ صرف بچوں کو اس سے دُور رکھا جائے بلکہ بالغ افراد بھی اس معاملے میں احتیاط برتیں۔

ماضی میں آتش بازی کے دوران کئی افسوس ناک واقعات پیش آ چکے ہیں جن میں کچھ افراد کو اپنے جسمانی اعضاء سے محروم ہونا پڑجبکہ کئی افراد اپنی بصارت سے محروم ہو گئے۔ لوگوں کو عید کی خوشیاں منانی چاہئیں‘ مگر اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ آتش بازی ایک حساس معاملہ ہے ‘ اس لیے اس عمل کے دوران احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے تاکہ خود آپ کی اور دوسرے لوگوں کی زندگیوں کو کوئی خطرہ لاحق نہ ہو۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں