ابو ظہبی:رہائشی پارکنگ پرمٹس کے حصول کے لیے لمبی قطاریں لگ گئیں

آج کے روز سے ابو ظہبی سِٹی کے تمام علاقوں میں کار پارکنگ پر فیس ادا کرنا ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 18 اگست 2018 14:00

ابو ظہبی:رہائشی پارکنگ پرمٹس کے حصول کے لیے لمبی قطاریں لگ گئیں
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 اگست 2018ء) آج کے دِن سے ابو ظہبی شہر کے تمام علاقے پیڈ پارکنگ زونز میں بدل جائیں گے۔ اب کسی بھی جگہ پر گاڑی مفت پارک نہیں کی جا سکتی‘ اس کے لیے رہائشی پارکنگ پرمٹ ہونا لازمی ہے۔ گزشتہ چند دِنوں سے مواقف سنٹرز پر پارکنگ پرمٹس کے حصول کے خواہش مندوں کا تو جیسے سمندر ہی اُمڈ آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ابو ظہبی ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹ کی جانب سے نئے پارکنگ قواعد لاگو کیے گئے ہیں جن کے تحت شہر میں موجود وہ تمام علاقے جہاں پارکنگ فری تھی‘ وہاں یہ سہولت ختم کر دی گئی ہے۔

ان علاقوں میں المرور اور الباطین جیسے علاقے بھی شامل ہیں۔ ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے ابو ظہبی سِٹی کے رہائشیوں کو تاکید کی تھی کہ وہ 18 اگست 2018ء سے قبل اپنے رہائشی پرمٹس بنوا لیں‘ کیونکہ اس تاریخ کے بعد اگر کسی کے پاس پارکنگ پرمٹ نہ ہوا تو اُسے کہیں بھی گاڑی پارک کرنے پر گھنٹوں اور دِنوں کے حساب سے جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

ابو ظہبی میں مقیم ایک پاکستانی خاتون نے بتایا کہ وہ ابو ظہبی کے مین بس سٹیشن پر آئی تاکہ رہائشی پارکنگ پرمٹ بنوا سکے تاہم اس کام کے لیے اُسے گھنٹوں انتظار کرنا پڑا۔

خاتون کے مطابق ’مجھے اپنی رجسٹریشن کروانے کے لیے ڈیڑھ گھنٹہ سے زائد کا وقت لگا‘ جبکہ ٹوکن کے حصول کے لیے بھی مجھے پندرہ منٹ سے زائد قطار میں کھڑا ہونا پڑا۔ یقیناًیہ بہت لمبا انتظار تھا۔ وہ تو شکر ہے کہ میں لیڈیز سیکشن میں تھی تو میرا کام اتنے وقت میں ہو گیا۔مردوں والی جانب تو بہت لمبی قطار ہے‘ اس لیے وہاں رجسٹریشن میں بہت زیادہ وقت لگ رہا ہے۔

تقریباً 80کے قریب لوگ نشستوں پر براجمان تھے جبکہ اس سے کہیں زیادہ لوگ ٹوکن کے حصول کے لیے قطار میں کھڑے تھے۔ میرے خیال میں اس سنٹر پر لوگوں کی اتنی بڑی تعداد کے لیے جگہ تھوڑی پڑ گئی ہے۔ میرے خیال میں نئے پارکنگ ضوابط کا اطلاق کسی اور وقت پر کرنا چاہیے تھا کیونکہ اس وقت لاکھوں لوگ گرمیوں کی چھُٹیوں کے سلسلے میں امارات سے باہر ہیں۔

جبکہ عید الاضحی کی تعطیلات بھی آن پہنچی ہیں‘ جس دوران پرمٹس جاری کرنے والے سنٹرز بند رہیں گے‘ اسی باعث اس وقت رش بہت بڑھ چُکا ہے۔ ‘‘ایک اور غیر مُلکی مرد کا کہنا تھا چونکہ آج کے روز سے رہائشی پارکنگ سکیم جاری ہو گئی ہے اسی وجہ سے گزشتہ چند دِنوں سے اور آج کے روز بھی بے انتہا رش ہے۔ کیونکہ لوگ جرمانوں سے بچنا چاہتے ہیں۔ تاہم اس مقصد کے لیے مزید سنٹرز قائم کرنے چاہیے تھے تاکہ پارکنگ پرمٹس کے اجراء کا کام تیز رفتاری سے انجام پا سکے۔

متعلقہ عنوان :

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں