ابو ظہبی:پاکستانی درزی منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار

پولیس نے ملزم کے بارے میں مخبری ہونے پر گرفتار کیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 15 ستمبر 2018 14:31

ابو ظہبی:پاکستانی درزی منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 ستمبر 2018ء) متحدہ عرب امارات میں روزگار کی غرض سے مقیم پاکستانی درزی کو پولیس نے منشیات فروشی کے الزام میں دھر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کپڑوں کی سِلائی کے ساتھ ساتھ منشیات بھی فروخت کرتا تھا۔ ایک شخص کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ مذکورہ پاکستانی شخص بظاہر تو درزی کا کام کر کے رزق کماتا ہے مگر اُس کی اصل کمائی کرسٹل میتھ نامی نشہ آور دوائی کی بدولت ہو رہی ہے۔

اطلاع ملنے پر پولیس کی جانب سے ملزم کے سرچ وارنٹ جاری کیے گئے۔ جس کے بعد ملزم کے ٹھکانے پر چھاپہ ماراگیا تو وہاں سے چھ کلو گرام خالص کرسٹل میتھ برآمد ہوئی‘ جو ملزم نے مختلف گاہکوں کو بیچنے کی غرض سے رکھی ہوئی تھی۔ کریمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ میں قائم انسدادِ منشیات کے محکمے کے ڈائریکٹر کرنل طاہر غریب الظہیری نے بتایا کہ پولیس کو ابتدائی طور پر اطلاع ملی کہ ملزم کے پاس بڑی مقدار میں نشہ آور اشیاء موجود ہیں جو اُس نے فروخت کرنے کی غرض سے رکھی ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

اس اطلاع کے بعد پولیس نے ملزم کی حرکات و سکنات پر نظر رکھنا شروع کر دیں‘ تاکہ اُسے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا جا سکے۔ پھر ایک روز ملزم کو منشیات کی بھاری مقدار کے ساتھ گرفتار کیا گیا تو اُس نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ وہ زائد آمدنی کے حصول کے لیے کپڑے سینے کے ساتھ ساتھ منشیات فروشی بھی کر رہا تھا۔ جس کے بعد ملزم کو سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا۔

مزید تفتیش کے بعد ملزم کو عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں اُس پر اپنے پاس منشیات رکھنے اور اُنہیں بیچنے کے الزام کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔ کرنل الظہیری نے مزید کہا کہ تمام ذمہ دار شہریوں کا فرض ہے کہ وہ منشیات کا استعمال کرنے والوں اور اسے بیچنے والوں کے بارے میں پولیس کو ضرور اطلاع کریں اور کسی شخص کی جانب سے بیش بہا رقم کے لالچ میں آ کر نہ تو منشیات فروشی میں ملوث ہوں اور نہ ہی نشے کے عادی بنیں۔ کیونکہ متحدہ عرب امارات میں منشیات فروشی اور منشیات کا استعمال دونوں پر کڑی سزائیں سُنائی جاتی ہیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی رُو رعایت نہیں برتی جاتی۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں