وزیراعظم عمران خان سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان نے ابوظہبی ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا

muhammad ali محمد علی بدھ 19 ستمبر 2018 23:39

وزیراعظم عمران خان سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 ستمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے، متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان نے ابوظہبی ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان بدھ کے روز مختصر سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے۔ ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان نے ابوظہبی ایئرپورٹ پر وزیراعظم عمران خان کا پرتپاک استقبال کیا۔

ابوظہبی پہنچنے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین اور وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود بھی عمران خان کے ہمراہ تھے۔ مختصر دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان متحدہ عرب امارات کی اعلی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان بدھ کے روز سعودی فرمانروا اور ولی عہد سے اہم ملاقاتیں کرنے کے بعد ریاض سے متحدہ عرب امارات کیلئے روانہ ہوئے تھے۔

امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ابوظہبی ائیرپورٹ پر وزیراعظم عمران خان کے استقبال کیلئے متحدہ عرب امارات کے محکمہ خارجہ کی کسی اعلی شخصیت کو استقبال کیلئے بھیجا جائے گا۔ تاہم متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان خود خصوصی طور پر وزیراعظم عمران خان کا استقبال کرنے کیلئے ابوظہبی ائیرپورٹ پر پہنچے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں