ابوظہبی: خاتون کو قاتلانہ حملے سے بچانے کی کوشش میں پاکستانی گارڈ جاں بحق

خاتون کا ساتھی ملازم اُسے چھُرا گھونپنے کی تاک میں تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 20 ستمبر 2018 13:00

ابوظہبی: خاتون کو قاتلانہ حملے سے بچانے کی کوشش میں پاکستانی گارڈ جاں بحق
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 ستمبر 2018ء) ایک سرکاری تعمیراتی کمپنی میں تعینات پاکستانی سیکیورٹی گارڈاپنی کمپنی کی ملازمہ خاتون کو قاتلانہ حملے سے بچانے کی کوشش میں اپنی جان گنوا بیٹھا۔ تفصیلات کے مطابق وقوعہ قتل سے ایک روز قبل خاتون ملازمہ نے پاکستانی سیکیورٹی گارڈ کو خبردار کیا کہ اُس کا ساتھی ملازم اُس کا پیچھا کر رہا ہے اور ساتھ ساتھ اُسے خونخوار نظروں سے دیکھ رہا ہے جیسے اُسے کوئی نقصان پہنچانے کا ارادہ رکھتا ہو، جس کے باعث وہ بُری طرح خوفزدہ ہو گئی ہے۔

سیکیورٹی گارڈ تعمیراتی کمپنی کا سیکیورٹی انچارج بھی تھا۔ خاتون کی جانب سے خبردار کرنے پر اُس نے ساتھی ملازم کا انٹری کارڈ ضبط کر لیا اور اُسے خاتون کے بارے میں خطرناک عزائم سے باز آنے کی تاکید کی۔

(جاری ہے)

اس بات پر ملزم غضب ناک ہو گیا اور مقتول گارڈ سے اصرار کرتا رہا کہ وہ اُس کا انٹری کارڈ واپس کر دے، تھوڑی پس و پیش کے بعد اُسے کارڈ واپس لوٹا دیا گیا۔

تاہم ملزم نے اپنے دِل میں رنجش پال لی کہ خاتون کے کہنے پر سیکیورٹی گارڈ نے اُس کی ڈانٹ ڈپٹ کی اور اُسے خاتون سے دُور رہنے کا کہا ہے۔ سو اُس نے اس بے عزتی پر ساتھی ملازمہ سے بدلہ لینے کی ٹھان لی۔ اگلے دِن اُس نے اپنے کپڑوں میں ایک خنجر چھُپایا اور کام پر آیا۔ موقع تاڑ کر اُس نے خاتون کو قتل کرنے کے لیے خنجر نکالا مگر عین موقع پر سیکیورٹی گارڈ اُس کے خطرناک ارادے بھانپتے ہوئے بیچ میں آگیا۔

جس پر مشتعل ملزم نے گارڈ کو خنجر کے دور وار کیے، ایک وار اُس کی چھاتی میں اور دُوسرا پیٹ میں لگا اور خون کا فوارہ بہنے لگا۔ گارڈ کو فوری طور پر تشویش ناک حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جہانِ فانی سے رُخصت ہو گیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کو مقامی عدالت کی جانب سے قید کی سزا سُنائی گئی جس کے خلاف اُس نے اپیلٹ کورٹ میں اپیل دائر کی۔ مقتول کے بھائی نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ملزم سے قتل کے عوض قصاص کی رقم دلوائی جائے۔ عدالت کی جانب سے اپیل پر فیصلہ 23 اکتوبر 2018ء کو سُنایا جائے گا۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں