عجمان: خُدا کی شان میں گُستاخی کرنے والے ملعون کو سات سال قید کی سزا

ملزم کا تعلق ایک عرب مُلک سے ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 17 جولائی 2018 16:47

عجمان: خُدا کی شان میں گُستاخی کرنے والے ملعون کو سات سال قید کی سزا
عجمان( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جُولائی 2018) متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں مقیم اکتالیس سالہ عرب کو خُدا کی شان میں گُستاخانہ کلمات ادا کرنے پر عدالت کی جانب سے قید اور جرمانے کی سزا سُنائی گئی ہے۔ شرمناک اور شیطانی گفتگو کا مُرتکب ہونے والے ملزم کا تعلق ایک عرب مُلک سے ہے۔ تفصیلات کے مطا بق ایک خاتون نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی کہ ملزم کے ساتھ اُس کا فون پر کسی معاملے میں جھگڑا ہوا تو ملزم آپے سے باہر ہو کر اُسے بُرا بھلا کہنے لگا۔

جب خاتون نے اُسے خُدا کا واسطہ دے کر بیہودہ گوئی سے منع کیا تو ملزم پھر بھی اپنی بدزبانی سے باز نہ آیا اور اشتعال میں آ کر خُدا کے بارے میں بھی انتہائی نازیبا اور گستاخی بھرے کلمات ادا کیے۔ خاتون کا کہنا تھا کہ اگر ملزم اُسے گالیاں دیتا تو شاید اُسے معاف کر دیتی لیکن اپنے رازق اور پیدا کرنے والے خدائے ذوالجلال کی شان کے خلاف ایک لفظ بھی برداشت نہیں کر سکتی تھی۔

(جاری ہے)

اسی وجہ سے اُس نے فیصلہ کیا کہ وہ اس ناپاک جسارت کے مُرتکب عرب شہری کو اُس کے شیطانی کلمات پر سزا دلا کر رہے گی۔ ملزم نے عدالت میں اپنے خلاف الزامات کو صحیح ماننے سے انکار کر دیا۔ تاہم استغاثہ کی جانب سے ملزم کے فون کا ریکارڈ پیش کیا گیا جس میں اُس کی جانب سے خاتون کو کی گئی کال کی ریکارڈنگ سُنائی گئی جس سے یہ بات ثابت ہو گئی کہ ملزم حقیقت میں توہینِ خُدا جیسے ناقابلِ معافی گُناہ کا مرتکب ہوا ہے۔

جس پر عدالت نے اُسے خُدا کے بارے میں توہین سے بھرپور کلمات ادا کرنے کا مجرم ٹھہراتے ہوئے سات سال قید کے علاوہ پانچ لاکھ اماراتی درہم جرمانے کی سزا بھی سُنائی ہے۔تمام تر عدالتی کارروائی کا خرچہ بھی ملزم کے ذمّہ ہو گا۔ ملزم کو سزا کی مُدت پُوری ہوتے ہی ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔جبکہ عدالتی احکامات کی پیروی میں ملزم کا فون بھی سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

عجمان میں شائع ہونے والی مزید خبریں