شارجہ ایئرپورٹ پر خواتین کے لیے پِنک کار پارکنگز مختص کر دی گئیں

اس سہولت سے خواتین مسافر‘ گاہک اور ملازمائیں فائدہ اُٹھا سکیں گی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 11 اگست 2018 11:36

شارجہ ایئرپورٹ پر خواتین کے لیے پِنک کار پارکنگز مختص کر دی گئیں
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 اگست 2018ء) شارجہ ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ ایئرپورٹ کے احاطے میں خواتین کے لیے علیحدہ پارکنگ ایریا مخصوص کر دیئے گئے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد خواتین کو پارکنگ کے دوران زحمت اور انتظار سے بچانا ہے اور اُنہیں معیاری سروسز مہیا کرنا ہے۔ اس سے خواتین کا بہت زیادہ وقت بچے گا اور اُنہیں پارکنگ کی جگہ ڈھونڈنے کے لیے اذیت نہیں اُٹھانی پڑے گی۔

خواتین کے لیے مخصوص پارکنگز جنہیں گلابی رنگ دِیا گیا ہے‘ اور یہ پِنک پارکنگ کے نام سے جانی جاتی ہیں‘ یہاں پر خواتین مسافر‘ گاہک اور ملازمائیں اپنی گاڑیاں پارک کر سکتی ہیں۔ ایئر پورٹ حکام کے مطابق حکومت کی جانب سے احکامات جاری کیے گئے تھے کہ خواتین کے آرام و سہولت کا خاص خیال رکھا جائے۔

(جاری ہے)

خواتین پارکنگ کی جگہ نہ ملنے پر بہت جلد پریشان ہو جاتی ہیں۔

دُوسرے صنف نازک کے آرام کا خیال رکھنا بھی متحدہ عرب امارات کے حکام کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ویسے بھی شارجہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مقامی اور غیر مُلکی خواتین کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے۔ اس فیصلے سے متحدہ عرب امارات کی عزت و وقار میں مزید اضافہ ہو گا۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے ابو ظہبی میں بھی سینکڑوں مقامات پر خواتین کے لیے پِنک پارکنگز بنائی گئی ہیں۔

ان اقدامات کو سوشل میڈیا صارفین نے بہت سراہا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ خواتین کی مصروفیت بہت زیادہ ہوتی ہے۔ کئی خواتین صبح اپنے خاوند اور بچوں کے لیے ناشتہ تیار کرنے کے بعد اپنے آفس کو جانے کے لیے نکلتی ہیں۔ جس کے باعث اُن کے پاس وقت بہت محدود ہوتا ہے۔ اُن کا ڈیوٹی پر بروقت پہنچنا مشکل کام ہوتا ہے۔ اُوپر سے اگر پارکنگ کے لیے بروقت جگہ نہ مِلے تو دفتر سے ڈانٹ پڑنے کا بھی اندیشہ رہتا ہے۔ جبکہ شاپنگ کے دوران بھی خواتین کو پارکنگ نہ مِلنے کے باعث بہت کوفت اُٹھانی پڑتی ہے۔ اس لیے حکومت کا یہ اقدام بہت قابلِ ستائش ہے۔

میں شائع ہونے والی مزید خبریں