عجمان میں جعلی اشیاء بیچنے والوں کے خلاف آپریشن جاری

62 لاکھ درہم مالیت کی ساٹھ ہزار جعلی اشیاء ضبط کی جا چکی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 15 اگست 2018 13:06

عجمان میں جعلی اشیاء بیچنے والوں کے خلاف آپریشن جاری
عجمان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 اگست 2018ء) عجمانی حکام نے برانڈز کے نام پر جعلی اشیاء فروخت کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف مقامات پر چھاپے مار کر جعلی سامان تحویل میں لیا جا رہا ہے۔ اسی نوعیت کی ایک حالیہ کارروائی کے دوران ڈیپارٹمنٹ آف اکنامک ڈویلپمنٹ نے دو گوداموں پر چھاپہ مار کر 62 لاکھ اماراتی درہم مالیت کا جعلی سامان قبضے میں لے لیا۔

ڈیپارٹمنٹ کے مطابق الجُرف انڈسٹریل ایریا میں معمول کی چیکنگ کے دوران دو گوداموں پر چھاپہ مارا گیا تو وہاں سے مشہور برانڈز کے نام سے موجود 60 ہزار جعلی اشیاء برآمد ہوئیں‘ جنہیں قبضے میں لے کر گوداموں کو سِیل کر دیا گیا۔ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق اس نوعیت کی کارروائیوں کا مقصد صارفین کے حقوق کا تحفظ کرنے کے لیے کمرشل فراڈز کو ناکام بنانا ہے ۔

(جاری ہے)

کیونکہ صارفین نادانستگی میں مہنگے داموں جعلی اشیاء خرید لیتے ہیں جو اُن کی جیب کا بہت بڑا نقصان ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ برانڈز کی شہرت اور کمائی کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔ مذکورہ گوداموں سے ضبط کی گئی اشیاء میں جوتے‘ پرفیومز‘ کپڑے‘ بیگ اور چمڑے کی دیگر مصنوعات شامل ہیں۔ ڈیپارٹمنٹ کے ایک اعلیٰ عہدے دار ماجد السُویدی نے بتایا کہ یہ کارروائی ایک شکایت پر عمل میں لائی گئی جس میں بتایا گیا تھا کہ الجُرف کے انڈسٹریل ایریا میں انٹرنیشنل برانڈز کے نام پر جعلی اشیاء و ملبوسات ذخیرہ کی ہوئی ہیں۔

الُسویدی کے مطابق اس معاشی دھوکا دہی میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے‘ جنہیں سزاؤں اور جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس کارروائی میں عجمان پولیس کا اشتراک بھی حاصل تھا‘ جو ریاست کو غیر معیاری اور جعلی اشیاء سے پاک کرنے کے مِشن میں ہمارے شانہ بشانہ چل رہی ہے‘ اس طرح کے جعلی مال کی فروخت سے گاہکوں کا مارکیٹ اور برانڈز پر سے اعتماد اُٹھ جاتا ہے ۔ دُوسرے متحدہ عرب امارات کی بین الاقوامی ساکھ کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔سو اس طرح کے فراڈز میں ملوث افراد کے خلاف کڑی کارروائی بہت ضروری ہے تاکہ لوگوں کی محنت سے کمائی گئی رقوم کا نقصان نہ ہو۔

میں شائع ہونے والی مزید خبریں