دُبئی میں راہگیروں کے لیے تین پُلوں کی تعمیر کی جا رہی ہے

دُبئی میرینا پُلوں کی تعمیر سے روزانہ ہزاروں افراد کو فائدہ پہنچے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 3 نومبر 2018 17:32

دُبئی میں راہگیروں کے لیے تین پُلوں کی تعمیر کی جا رہی ہے
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 نومبر2018ء) روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے راہگیروں کے لیے چار پُل تعمیر کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث پیدل چلنے والے افراد کو سڑکیں عبور کرنے میں آسانی ہو جائے گی۔ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق یہ پُل دُبئی کے فرماں روا اور متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کی ہدایات پر تعمیر کیے جا رہے ہیں۔

اس اقدام کا مقصد شہر میں ٹریفک سیفٹی کو بڑھانا اور راہگیروں کو محفوظ طریقے سے سڑک عبور کرنے میں مدد دینا ہے۔ یہ تین پُل دُبئی کے تین اہم مقامات پر تعمیر کیے گئے ہیں۔ پہلا پُل مرینا میں واقع شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود سٹریٹ پر بنایا گیا ہے، دُوسرا پُل رِفا سٹریٹ انٹر سیکشن کے قریب خالد بن الولید سٹریٹ پر جبکہ تیسرا پُل الاصائل جنکشن کے نزدیک عریبین رانچز سٹریٹ پر تعمیر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے روڈز اتھارٹی کے اعلیٰ عہدے دار مطار الطائر نے مزید بتایا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود سٹریٹ پر زیر تعمیر پُل خطے میں اپنی نوعیت کا وہ منفرد پُل ہو گا جو چار اطراف میں بنایا گیا ہے۔ 65 میٹر لمبے پُل پر سے ایک گھنٹے میں تقریباً چار ہزار راہگیر گُزریں گے۔ یہ پُل دسمبر 2019ء میں تکمیل کو پہنچے گا۔ راہگیروں کی جان کا تحفظ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ کی اولین ترجیح ہے۔

اس مقام پر راہگیروں کے لیے پُل بنانے کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ یہاں پر اکثر افراد سڑک عبور کرنے کے دوران تیز رفتار گاڑیوں کی زد میں آ کر شدید زخمی اور ہلاک ہو چکے ہیں۔ مستقبل میں مزید ایسے پُل تعمیر کیے جائیں گے تاکہ ٹریفک حادثات میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکے۔ الطائر نے مقامی اور غیر مُلکی باشندوں پر زور دیا کہ سڑکیں عبور کرنے کے لیے پیڈیسٹیرین پُلوں اور زیر زمین راستوں کا استعمال کریں۔ جبکہ ڈرائیور حضرات کو تاکید کی کہ وہ دورانِ ڈرائیونگ حدِ رفتار سے تجاوز نہ کریں اور راہگیروں کے لیے سڑک عبور کرنے کے مخصوص مقامات پر گاڑی ہلکی کر لیں تاکہ کسی قیمتی جان کے ضیاع سے محفوظ رہا جا سکے۔

میں شائع ہونے والی مزید خبریں