دبئی پولیس نے 3 لاکھ درہم کا چوری ہیرا 20 گھنٹوں میں بازیاب کرالیا

پیر 5 نومبر 2018 18:00

دبئی (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین / وام / پیر نومبر ) دبئی کی پولیس نے ایک ایشیائی جوڑے کی طرف سے چرائے گئے 3 لاکھ درہم مالیت کے ہیرے کو واردات کے 20 گھنٹوں کے اندر ہی کمال مہارت سے بازیاب کرالیا ، چوری کی اس منظم واردات کو فوری کارروائی کرتے ہوئے انٹرپول کے ذریعے ناکام بنایا گیا.

دبئی پولیس کے کمانڈر انچیف میجرجنرل عبداللہ خلیفہ کے مطابق قیمتی ہیرا چرانے کی واردات علاقہ نائف میں واقع جیولری کی ایک دکان میں کی گئی تھی ، دکان کےمالک کو یہ ہیرا چرا لئے جانے کا تین گھنٹوں بعد علم ہوا تھا جس نے دبئی پولیس کو فوری اطلاع دی ، ہیرا چرانے والا جوڑا واردات کے فوری بعد انڈیا روانہ ہوگیا جنہیں انٹرپول اور بھارتی حکام کے تعاون سےگرفتار کرکے واپس لایا گیا ، چوروں کو وہاں ٹرانزٹ ایریا سے پکڑا گیا جہاں سے وہ اس ہیرے کو اپنے وطن لے جانے کی کوشش میں مصروف تھے ، یہ تمام تر آپریشن 20 گھنٹوں میں کامیابی سے مکمل کیا گیا.

میجرجنرل عبداللہ نے اپنے ادارے کے شعبہ سی آئی ڈی کے حکام کی کارکردگی کو سراہا ہے جن کی فوری کارروائی سے یہ واردات ناکام بنانا ممکن ہوا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دبئی کو محفوظ بنانے میں پولیس کا یہ اقدام نئی پیشرفت ہے اور پولیس جرائم کی بغیر تاخیر کے بیخ کنی کیلئے پرعزم ہے ۔ پولیس کے شعبہ سی آئی ڈی کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر جمال سالم کا کہنا تھا کہ سمارٹ ڈیٹا اینالسز سنٹر کی مدد سے جرم کو بہت کم وقت میں سراغ لگانے کیلئے بہت مدد ملی ہے ، انہوں نے بتایا کہ چور جوڑا چالیس سال سے زائد عمر کا ہے ، واردات کے وقت اس کے مرد رکن نے جیولری شاپ کے مالک کو باتوں میں الجھایا جبکہ اسکی خاتون ساتھی نے اس دوران یہ ہیرا اپنی جیکٹ میں چھپا لیا تھا ۔

سی آئی ڈی کے ڈائریکٹر کرنل عادل کے مطابق واردات کے بعد یہ جوڑا فوری دبئی ایئرپورٹ سے بھارت روانہ ہوگیا تھا جسے پکڑ کر واپس دبئی پہنچا دیا گیا ہے.

مترجم : تنویر ملک http://wam.ae/en/details/1395302718370

میں شائع ہونے والی مزید خبریں