دُبئی: پاکستانی خاتون نے دس لاکھ ڈالر کی لاٹری جیت لی

انعامی رقم کی حقدارقرار پانے والی خاتون اس سے قبل بھی درجنوں ٹکٹس خرید چُکی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 7 نومبر 2018 14:21

دُبئی: پاکستانی خاتون نے دس لاکھ ڈالر کی لاٹری جیت لی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7 نومبر2018ء) پاکستانی خاتون پر دولت کی دیوی اُس وقت مہربان ہو گئی جب اُسے دیوالی کے موقع پر دُبئی ڈیوٹی فری ریفل ٹکٹ کی قرعہ اندازی میں 10 لاکھ امریکی ڈالر رقم پر مشتمل پہلے انعام کا حقدار ٹھہرایا گیا۔ فہمیدہ تنویر نامی خوش نصیب خاتون نے بتایا کہ وہ اس سے پہلے اس قرعہ اندازی سکیم کے 18ریفل ٹکٹس خرید چُکی تھی جن کی مجموعی مالیت تقریباً چالیس ہزار درہم کے لگ بھگ ہے۔

اتنی زیادہ رقم خرچ کرنے کے باوجود وہ پُراعتماد تھی کہ اُس کا انعام ضرور نکلے گا۔ فہمیدہ کا کہنا تھا’’ جب ریفل ٹکٹ کی انتظامیہ نے دس لاکھ ڈالر کے کیش پرائز کے لیے میرا نام پُکارا تو مجھ پر جیسے سکتہ سا طاری ہو گیا تھا۔ میری حیرت ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی تھی۔

(جاری ہے)

قرعہ اندازی سے ایک رات قبل ہی میں نے اپنے خاوند سے کہا کہ میری چھٹی حِس مجھے اس بار بمپر پرائز جیتنے کا یقین دِلا رہی ہے۔

میں بھی تک اچنبھے اور بے یقینی کی کیفیت سے باہر نہیں آ سکی۔ ایسا اُسی وقت ہو گا جب رقم میرے بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر ہو جائے گی۔ میں نے پچھلے ایک سال کے دوران اس لکی ڈرا کے مجموعی طور پر 18 ٹکٹس خریدے تھے، جن میں سے ہر ایک کی مالیت ایک ہزار درہم ہے۔ جبکہ حالیہ قرعہ اندازی کے لیے بھی میں نے گزشتہ ماہ دس ٹکٹس خریدے تھے۔ اس کے علاوہ آئندہ لکی ڈراء کے لیے بھی میں نے 11ٹکٹس خرید لیے ہیں۔

مجھے یقین تھا کہ تقریباً 14 لاکھ 55ہزار کی بھاری مالیت کی کی ٹکٹس خریدنا ایک نہ ایک روز مجھے ضرور فائدہ دے گا۔‘‘ دُبئی ڈیوٹی فری ملینیئم ملینیئر کی 285 ویں قرعہ اندازی کے لیے پاکستانی خاتون کا خرید کردہ ٹکٹ نمبر 0373 خوش بختی کی علامت بن گیا۔ تنویر اور اُس کے خاوند کا کہنا ہے کہ اس بڑی رقم سے اُن کی زندگی یکسر بدل جائے گی۔ سارا دِن گھر کے کام کاج میں بِتانے والی تنویر فاطمہ اور اُن کے سیلز مین خاوند گزشتہ بارہ سال سے دُبئی میں مقیم ہیں۔

دس لاکھ کا جیک پاٹ جیتنے کے باوجود اُن کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی لکی ڈرا کے تھوڑے بہت ٹکٹس خریدتے رہیں گے۔تنویر فاطمہ کہتی ہیں۔ ’’میرے خاوند کی لاٹری سکیم میں رقم خرچنے میں بہت دلچسپی ہے سو ہم یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔قرعہ اندازی کے روز اُنہوں (خاوند) نے خوش نصیب کا اعلان کیے جانے سے پندرہ منٹ قبل میرے لیے دُعا کی اور تھوڑی دیر بعد ہی میں نے اُنہیں اُن کی دُعا بارگاہِ الٰہی میں قبول ہونے کی خوش خبری سُنا دی۔

جس وقت میں نے اپنے خاوند کو بتایا کہ ہم انعامی رقم جیت چُکے ہیں تو اُن پر خوشی سے ہیجانی کیفیت طاری ہو گئی۔ ہم اس انعامی رقم کا پندرہ فیصد اپنے وطن پاکستان میں مستحق لوگوں کی امداد پر خرچ کریں گے، 50 فیصد سے دُبئی میں پراپرٹی خریدیں گے، جبکہ باقی بچ جانے والی رقم کے بارے میں ہم نے ابھی کچھ نہیں سوچا۔ آج رات کو جب وہ اپنے کام سے واپس گھر لوٹیں گے پھر سوچ بچار کریں گے۔ مگر یہ سب کچھ ابھی تک خواب ہی معلوم ہوتا ہے۔ ‘‘

متعلقہ عنوان :

میں شائع ہونے والی مزید خبریں