دُبئی: دولت کی چاہ میں باپ نے نابالغ بیٹی کے ارمانوں کا خُون کر دیا

15 سالہ بیٹی کو 40 سالہ دوست سے بیاہ کر بڑی رقم بٹور لی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 12 نومبر 2018 12:28

دُبئی: دولت کی چاہ میں باپ نے نابالغ بیٹی کے ارمانوں کا خُون کر دیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 نومبر2018ء) باپ اپنی بیٹیوں کے لیے شفقت اور محبت کا سائبان ہوتے ہیں۔ بچیوں کی ذرا سی تکلیف پر تڑپ اُٹھتے ہیں اور اُن کی ڈھارس بندھاتے ہیں۔ لیکن العین کے علاقے میں مقیم ایک عرب باشندے نے اپنی سکول میں زیر تعلیم بچی کی پڑھائی ہی نہیں چھینی،بلکہ اس کی آنکھوں سے مستقبل کے کئی سُہانے خواب بھی نوچ ڈالے۔ پیسوں کے لالچ میں محض پندرہ سال کی نابالغ بیٹی کو اپنے ایک 40 سالہ دوست سے بیاہ کر بدلے میں بڑی رقم وصول کر لی۔

بچی نے بارہا باپ کی منتیں کیں، روئی پیٹی، گڑگڑائی کہ ابھی اُس کے پڑھنے اور سہیلیوں کے ساتھ ہنسنے کھیلنے کے دِن ہیں، اتنی سی عمر میں اُس پر ازدواجی ذمہ داریوں کا بوجھ نہ لادا جائے، مگر دولت کی چکاچوند سے چُندھیائی باپ کی آنکھیں بیٹی کا درد سے بھرا چہرہ کہاں دیکھ پاتیں۔

(جاری ہے)

ظالم باپ جو امارات میں روزگار کی غرض سے مقیم ہے، وہ اپنی بیٹی اور گھر والوں کو اپنے آبائی عرب مُلک لے گیا، جہاں اُس نے بیٹی کی آرزوؤں کا قتلِ عام کرتے ہوئے اُسے عمر رسیدہ شخص کے ساتھ بے جوڑ بندھن میں باندھ دِیا۔

اور پھر واپس العین لوٹ آیا۔ مگرمخمل کے ٹاٹ میں پیوند جیسا یہ بیاہ بھلا کہاں نِبھنے والا تھا۔ ایک ماہ کے اندر ہی نابالغ لڑکی اور اُس کے والد کی عمر کے خاوند کے درمیان جھگڑے جنم لینے لگے۔ چالیس کے پیٹے میں موجود عرب خاوند بجائے کہ اپنی قسمت پر نازاں ہوتا کہ عمر کے اس حصّے میں اُسے کم سن دوشیزہ ہاتھ آ گئی ہے، وہ بدنصیب لڑکی کو بدسلوکی اور بدزبانی کا نشانہ بنانے لگا۔

آئے روز کی سختیوں اور تلخیوں سے تنگ آ کر لڑکی اپنے والدین کے پاس واپس العین آ گئی۔اور پھرچند مہینوں میں ہی ایسا کئی بار ہوا، والدین اُسے مجبور کر کے واپس سخت مزاج خاوند کے پاس بھیجتے، مگر خاوند کی جانب سے اپنی پُرانی روش نہ چھوڑنے پر وہ دوبارہ اُن کے پاس آ جاتی۔ آخر خاوند ایک روز اُسے خود ہی واپس والدین کے پاس چھوڑ گیا۔ کُچھ عرصے بعد خاوند کو پتا چلا کہ اُس کی بیوی حاملہ ہے تو وہ دوبارہ اُسے لینے کی غرض سے والدین کے گھر آن دھمکا۔

تاہم بیٹی کے سُونے اور اُداس چہرے کو دیکھ کر والد کی آنکھوں پر پڑی ہوس کی پٹّی اُتر گئی تھی۔ باپ نے اپنی بیٹی کو اُس کے خاوند کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا۔ اور خود ہی عدالت میں پیش ہو کر بچی کے خُلع کے لیے درخواست دائر کر دی۔ عدالت کی جانب سے خُلع کی منظوری دے دی گئی تاہم والد کو اپنی بچی کا بیاہ بالغ عمر سے قبل ہی کرنے کے الزام میں کریمنل کورٹ میں پیش کر دیا گیا ہے، جہاں اُسے اس معاملے پر قید کی سزا سُنائے جانے کا بھرپور امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :

میں شائع ہونے والی مزید خبریں