دُبئی: نشے میں دُھت خاتون نے پولیس اہلکار کو لات رسید کر دی

بِپھری خاتون نے پولیس اہلکار پر تھُوک پھینکنے کے علاوہ قتل کی دھمکیاں بھی دیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 13 نومبر 2018 14:31

دُبئی: نشے میں دُھت خاتون نے پولیس اہلکار کو لات رسید کر دی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 نومبر2018ء) ایک تاجیک خاتون کو نشے کی حالت میں خاتون پولیس اہلکار پر تھُوکنا مہنگا پڑ گیا۔ شراب کے نشے میں ہوش و حواس گنوا بیٹھی خاتون نے پولیس اہلکار کو زور دار لات رسید کرنے کے علاوہ جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دِیں۔عدالت میں ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ وہ رات نو بجے جبلِ علی کے علاقے میں معمول کے گشت پر تھا جب اُس نے ایک رہائشی عمارت کے باہر غیر مُلکی خاتون کو دیکھا جو غُل غپاڑہ کر رہی تھی۔

میں قریب گیا تو سیکیورٹی گارڈ نے مجھے بتایا کہ وہ اس رہائشی بلڈنگ میں داخل ہونا چاہتی تھی، مگر اُسے اس لیے روکا جا رہا تھا کیونکہ وہ وہاں کی رہائشی نہیں تھی۔ میں نے خاتون پر نگاہ کی تو وہ نشے کی زیادتی کے باعث لڑکھڑا رہی تھی اور مغلظات بھی بک رہی تھی۔

(جاری ہے)

خاتون کہہ رہی تھی کہ اُس نے شراب پینے کی خاطر اس عمارت میں جانا ہے۔ میں نے خود بھی خاتون کو سمجھانے کی کوشش کی کہ یہ بار نہیں ہے، بلکہ رہائشی عمارت ہے۔

میرے سمجھانے بُجھانے پر بھی وہ باز نہ آئی اور وہاں کھڑی شور مچا کر رہائشیوں کے لیے بے سکونی کا باعث بنتی رہی۔ جس پر میں نے پولیس سٹیشن کو اطلاع دی جنہوں نے ملزمہ سے نمٹنے کی خاطر ایک خاتون پولیس اہلکار بھیج دی۔ جونہی اس پولیس اہلکار نے تاجیک ملزمہ کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو اُس نے گالیاں بکنی شروع کر دیں۔ اور منہ میں پانی بھر کر ہم دونوں پولیس والوں پر تھُوک دِیا۔

خاتون پولیس اہلکار کی جانب سے اُسے ہتھکڑیاں لگانے کی کوشش کی گئی تو اُس نے زوردار لات مار کر اُسے گرا دِیا اور اُسے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ آخر بڑی کوشش کے بعد خاتون کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمہ پر پولیس اہلکاروں پر حملہ آور ہونے، گالم گلوچ کرنے، قتل کی دھمکیاں دینے اور بغیر لائسنس کے شراب پینے کے الزامات میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ اس مقدمے کا فیصلہ 25 نومبر 2018ء کو سُنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

میں شائع ہونے والی مزید خبریں