دُبئی:نوسرباز مشہور شخصیات کے نام پر لوگوں کو لوٹنے لگے

سوشل میڈیا پر خود کو مشہور فنکار یا شخصیت ظاہر کر کے لوگوں سے رقم بٹوری جاتی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 13 نومبر 2018 15:46

دُبئی:نوسرباز مشہور شخصیات کے نام پر لوگوں کو لوٹنے لگے
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 نومبر2018ء) پولیس کی جانب سے عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ امارات میں چند لوگ سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر خود کو شوبز کی مشہور شخصیات ظاہر کر عوام کو اُن کی رقم سے محروم کر رہے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ ایک بوڑھی خاتون کے ساتھ پیش آیا ہے۔ایک نوسر باز نے معروف اداکار کے نام سے انسٹا گرام پر اپنا جعلی اکاؤنٹ بنا رکھا تھا ۔

اُس نے معمر خاتون کو یقین دلایا کہ وہ امارات کا معروف اداکار ہے۔ پھر اُس نے خاتون سے کہا کہ وہ اس وقت مُلک سے باہر مقیم ہے جہاں اُسے کے پاس موجود رقم کم پڑ گئی ہے، اگر وہ اُسے ایک معقول رقم چند دِنوں کے لیے اُسے بطور اُدھار دے دے، تو وہ اُس کا بہت شُکر گزار ہو گا اور وطن واپس آنے کے فوری بعد رقم لوٹا دے گا۔ خاتون نے اپنی بیٹی سے کہا کہ وہ اس ’سُپر سٹار‘ کو رقم بھیج دے، تاہم بیٹی کو شک ہوا کہ یہ شخص فراڈ ہے، اس لیے اُس نے اپنی ماں کی مرضی کے خلاف چلتے ہوئے رقم نہ بھیجی۔

(جاری ہے)

اس طرح کی کئی اور مثالیں بھی سامنے آئے ہیں جن میں دھوکے باز افراد خود کو شوبز کی سماج کی مشہور شخصیت ظاہر کرتے ہیں اور پھر لوگوں سے رقم ہتھیا لیتے ہیں۔ دُبئی پولیس کا کہنا ہے کہ کوئی مشہور شخصیت اس طرح اپنے اکاؤنٹ بنا کر عوام سے پیسے نہیں مانگتی۔ ایسے لوگ عموماً خوش حال ہوتے ہیں اس لیے اُنہیں یوں قرض مانگنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ سائبر کرائمز ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر کرنل سالم بن سلمین کا کہنا ہے کہ بظاہر مشہور شخصیات کے یہ اکاؤنٹس جعلی ہوتے ہیں، نوسرباز افراد اپنے اکاؤنٹ کو اصلی دکھانے کے لیے اس میں چند دیگر مشہور شخصیات، نیوز سائٹس اور سرکاری ایجنسیوں کو بھی add کر لیتے ہیں۔

جس کے باعث اکثر و بیشتر ہوشیار لوگ بھی دھوکے کا شکار بن جاتے ہیں۔ جبکہ کئی دھوکے باز مشہور شخصیات کاسوشل میڈیا اکاؤنٹ ہیک کر کے وہاں سے عوام کو مختلف رفاہی کاموں کے سلسلے میں چندہ بھیجنے کے پیغامات جاری کرتے ہیں۔ کرنل سلمین نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس طرح کے فراڈیوں سے محتاط رہیں تاکہ کسی مالی دھوکے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

میں شائع ہونے والی مزید خبریں