شارجہ:تمام عمارتوں میں فائر الارمز اور سموک ڈیٹکٹرز کی تنصیب لازمی

اس پابندی کا اطلاق تمام صنعتی، تجارتی اور رہائشی عمارات پر ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 16 نومبر 2018 10:48

شارجہ:تمام عمارتوں میں فائر الارمز اور سموک ڈیٹکٹرز کی تنصیب لازمی
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 نومبر2018) ریاست بھر میں اگلے سال سے تمام صنعتی، تجارتی اور رہائشی عمارات میں فائر الارمز اور سموک ڈیٹکٹرز کی تنصیب لازمی قرار دے دی گئی ہے۔ تاہم وِلاز اور نجی گھروں کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ چاہیں تو ان حفاظتی آلات کو لگوا لیں یا نہ لگوائیں۔ اس حوالے سے تمام انڈسٹریل یونٹس، تجارتی مراکز اور فلیٹس کے مالکان کو مطلع کر دیا گیا ہے کہ وہ جتنی جلدی ہو سکے، یہ حفاظتی آلات لگوا لیں۔

شارجہ پریوینشن اینڈ سیفٹی اتھارٹی (SPSA)اور Sanid اس سلسلے میں مِل کر کام کر رہی ہیں جو اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ تمام عمارات میں اس پابندی پر عمل درآمد کر لیا گیا ہے۔ SPSA کے ڈائریکٹر سیف محمد القاسمی کا کہنا ہے کہ چھ سال سے پُرانی تمام بلڈنگز کی چیکنگ کی جائے گی تاکہ وہاں اس بات کی تسلّی کی جا سکے کہ فائر وارننگ ڈیوائسز انسٹال کی گئی ہیں اور کیا وہ ٹھیک طرح سے کام بھی کر رہی ہیں یا نہیں۔

(جاری ہے)

SPSA کی جانب سے ایک انسٹی ٹیوٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں پر کمپنی کے سٹاف اور دیگر افراد کو آتش زدگی کی روک تھام کے حوالے سے خصوصی ٹریننگ دی جا رہی ہے۔ انسٹیٹیوٹ کمپنیوں سے 250 درہم فی ملازم کے حساب سے ٹوکن فیس لے کے اُنہیں آتش زدگی سے نمٹنے کی تربی بھی دے گا۔ القاسمی نے آتش زدگی سے نمٹنے کے حوالے سے آگاہی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ SPSA ایسی حکمت عملیاں تشکیل دے رہی ہیں جس کے باعث ریاست میں گھروں، صنعتی اور تجارتی احاطوں میں آگ لگنے کے واقعات کم سے کم رُونما ہوں۔

اس حوالے سے ایک آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے جس میں گھریلو خواتین اور ملازماؤں کو شعور دیا جا رہا ہے کہ آگ لگنے سے کیسے بچا جا سکے اوراگر خدانخواستہ گھر میں آگ بھڑک اُٹھے تو ایسی صورت میں آگ بُجھانے والے آلات کا استعمال کس طرح سے کرنا ہے۔ اس آگاہی مہم کا مقصد انسانی جانوں اور املاک کو پیش آنے والے نقصانات کا تدارک کرنا ہے۔ انہوں نے تمام نجی عمارتوں کے مالکان کو تاکید کی کہ وہ اپنے گھروں میں سموک ڈیٹکٹرز ضرور لگوائیں، بجلی کی تاروں کی وائرنگ بھی عمدہ طریقے سے کرویں اور سلنڈرز کی جگہ قدرتی گیس کا استعمال کریں۔ تاکہ آتش زدگی کے واقعات کم سے کم رُونما ہوں۔

میں شائع ہونے والی مزید خبریں