دُبئی: افریقی باشندے نے اماراتی محبوبہ کی لاش الیکٹرک رُوم میں چھُپا ئے رکھی

اماراتی لڑکی کی موت ہیروئن کی زیادہ مقدار لینے سے ہوئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 19 جولائی 2018 12:22

دُبئی: افریقی باشندے نے اماراتی محبوبہ کی لاش الیکٹرک رُوم میں چھُپا ئے رکھی
دُبئی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جُولائی 2018) امارات میں مقیم ایک افریقی باشندے کو اپنی گرل فرینڈ کو ہیروئن فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مذکورہ لڑکی کی نشے کی زیادہ مقدار لینے کے باعث موت ہو گئی تھی۔ جس کے بعد افریقی نے پکڑے جانے کے خوف سے اُس کی لاش کو ایک دیہاتی علاقے میں واقع الیکٹرک رُوم میں چھُپا دیا۔ جب اماراتی لڑکی کئی دِن تک گھر نہ پہنچی تو اُس کی ماں نے پولیس اسٹیشن جا کر اُس کی گمشدگی کی اطلاع دی۔

پولیس نے تفتیش کی تو پتا چلا کہ مذکورہ لڑکی افریقی جزیرے کوموروس سے تعلق رکھنے والے ایک 35 سالہ بے روزگار شخص کے ساتھ چند روز قبل دیکھی گئی تھی۔جس کے بعد افریقی باشندے کو گرفتار کر لیا گیا جس نے دورانِ تفتیش بتایا کہ اماراتی لڑکی اُس کی محبوبہ تھی۔

(جاری ہے)

چار روز قبل وہ اُسے مِلنے آئی اور افریقی کی کار میں بیٹھ کر دونوں ہیروئن کا نشہ کر رہے تھے جس دوران نشے کی زیادہ مقدار لینے سے لڑکی کی موت ہو گئی۔

پکڑے جانے کے خوف سے ملزم اُس کی لاش کو عجمان کے ایک دُور دراز دیہاتی علاقے میں واقع الیکٹرک رُوم میں پھینک کر واپس اپنے گھر آ گیا۔ عدالت میں سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے ملزم پر اپنی محبوبہ کو ہیروئن مہیا کرنے اور نشے کی زیادتی کے بعد ہلاک ہونے پر اُس کی لاش کو ویران جگہ پر ٹھکانے لگانے کے الزامات عائد کیے گئے۔ اس کے علاوہ ملزم پر خود بھی نشہ آور اشیاء اپنے پاس رکھنے اور اُنہیں استعمال کرنے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔

تاہم مُلزم نے متوفیہ کو منشیات مہیا کرنے سے انکار کر دیا۔ ملزم کا کہنا تھا کہ کہ اُس نے خاتون کی جانب سے خریدی گئی منشیات استعمال کی تھی۔ استغاثہ کے مطابق انسدادِ منشیات کے اہلکاروں نے جب الیکٹرک رُوم پر چھاپہ مارا تو وہاں خاتون کی لاش گلی سڑی حالت میں موجود تھی۔ فارنزک رپورٹ نے بھی تصدیق کی کہ خاتون کی موت ہیروئن کی زیادہ مقدار لینے کے باعث ہوئی ہے۔ مقدمے کی سماعت اگلی تاریخوں تک مُلتوی کر دی گئی ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں